• news

اسلام آباد:روزنامہ نوائے وقت راولپنڈی کے بیوروچیف محمد اصغر شاد انتقال کرگئے

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) سینئر صحافی، روزنامہ نوائے وقت راولپنڈی کے بیورو چیف اور راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے سابق جنرل سیکرٹری محمد اصغر شاد ہفتہ کی شام خالق حقیقی سے جاملے (انا ﷲ و انا الیہ راجعون)، وہ جگر کے عارضے میں مبتلا تھے۔ ایک ہفتے سے انکی طبیعت زیادہ خراب ہوئی تو انہیں قائداعظم ہسپتال داخل کرادیا گیا مگر انکی طبیعت روز بروز بگڑتی گئی اور ہفتہ کو ساڑھے 5 بجے شام وہ خالق حقیقی سے جاملے۔ انکی نماز جنازہ آج اتوار 16جولائی کو دن گیارہ بجے گوالمنڈی عیدگاہ راولپنڈی میں ادا کی جائیگی۔ انکی عمر 60 برس تھی۔ مرحوم نے اپنے پیچھے چار بیٹے عمران اصغر، عثمان اصغر، نعمان اصغر اور زین اصغر کے علاوہ چار بیٹیاں سوگوار چھوڑی ہیں۔ مرحوم نے 1980ء کے اوائل میں روزنامہ نوائے وقت کو بحیثیت سپورٹس رپورٹر جائن کیا۔ کچھ عرصہ بیرون ملک قطر میں ملازمت کے بعد وطن واپسی پر دوبارہ نوائے وقت سے وابستہ ہو گئے۔ نوائے وقت راولپنڈی اسلام آباد کا ہیڈ آفس اسلام آباد بننے کے بعد اصغر شاد راولپنڈی آفس کے بیوروچیف مقرر ہوئے۔ روزنامہ نوائے وقت، دی نیشن اور وقت نیوز کے کارکنوں نے مرحوم کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انکی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے سینئر صحافی وکالم نگار اصغر شاد کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اصغر شاد نے صحافی ہونے کے ساتھ بطور مصنف بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ صحافیوں کی فلاح وبہبود کے لئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن