کالام، ایک اور ڈولی لفٹ رسہ ٹوٹنے سے دریائے سوات میں گر گئی 5 افراد جاں بحق، 2 کو بچالیا گیا
سوات (نامہ نگار)سوات کی وادی کالام کے علاقہ پالیر میں ڈولی لفٹ کی رسی ٹوٹنے کے باعث سات افراد دریائے سوات میں ڈوب گئے۔ پانچ افراد جاں بحق 2کوزندہ نکال لیاگیا، ایک ہی خاندان کے چار افراد میں سے ایک کوزندہ نکال لیا گیا جبکہ دو کی لاشیں تاحال نہ مل سکیں۔ پاک فوج کے جوان اور مقامی لوگوں کی جانب سے لاشوں کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سوات کی وادی کالام کے علاقہ پالیر میں ڈولی لفٹ کی رسی ٹوٹنے کے باعث سات افراد دریائے سوات میں ڈوب گئے جن میں سے دو افراد کو زندہ اور دوافراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ باقی تین افراد کی لاشوں کی تلاش جاری ہے۔ ڈولی لفٹ میں امیر سید ولد حضرت ولی سکنہ کس کالام، اکرام ولد دانش سکنہ پالیر، شیر اعظم ولد اقبال سکنہ پالیر، امجد علی ولد تاج محمد سکنہ کس کالام، بخت اعظم ولد دانش سکنہ پالیراور شوکت حیات ولد حیات خان سوار تھے کہ بیچ دریامیں پہنچے کے بعد ڈولی لفٹ کی رسی ٹوٹ گئی اور ساتوں افرادریائے سوات میں جاگرے۔ مقامی لوگوں نے اپنی مددآپ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے۔ امیر سید ، اکرام حسین کو زندہ نکال لیاجبکہ بخت اعظم اور شوکت حیات کی لاشیں کافی جدوجہد کے بعد دریائے سوات سے نکال لیں۔ڈوبنے والوں میںسے امجد علی ، شیر اعظم اور سعیدالرحمن کی لاشوں کی تلاش جاری ہے۔ پاک آرمی کے جوانوں میجر شہباز اور میجر عثمان کی قیادت میں ریسکیو اپریشن شروع کردیاگیا ہے۔ واضح رہے کہ پالیر کا رابطہ پل سات سال قبل سیلاب میں بہہ گیا تھا جسے تاحال تعمیر نہیں کیا جاسکا ہے، مقامی لوگوں نے اپنی مددآپ کے تحت آمدورفت کے لئے چیئرلفٹ لگائی تھی، اسی طرح سوات کی مختلف علاقوں رامیٹ، چم گھڑی اور لائکوٹ کے مقام پر خطرناک ڈولی لفٹ کے ذریعے آمدورفت کا سلسلہ جاری ہے جس پر مقامی انتظامیہ اور حکومت نے آنکھیں بند کررکھی ہیں۔