• news

خیبر پی کے‘ بلوچستان میں بارش‘ دیواریں گرنے سے بچہ جاں بحق‘ 10 افراد زخمی

پشاور‘ کوئٹہ (بیورو رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ + آن لائن) خیبر پی کے اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی۔ گلی کوچے‘ سڑکیں تالاب بن گئے۔ مکانات کی دیواریں گرنے سے بچہ جاں بحق‘ 10 افراد زخمی ہو گئے۔ دیر میں 5 افراد گاڑی سمیت ندی میں بہہ گئے۔ 4 کو بچا لیا گیا۔ ایک کی تلاش جاری۔ سیلابی صورتحال سے بچنے کیلئے الرٹ جاری کر دیا گیا۔ پشاور سے بیورو رپورٹ کے مطابق گزشتہ شب پشاور کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروس (ڈبلیو اس ایس پی) کی کارکردگی کا پول اس وقت کھل کر سامنے آگیا جب آدھے گھنٹے کی موسلادھار بارش سے گلی کوچے ندی میں تبدیل ہو گئے اور نالیوں کا گندا پانی گھروں‘ دکانوں میں داخل ہو گیا جس سے قیمتی سامان کو بھی نقصان پہنچا جبکہ چارسدہ روڈ پر کھڑی فصلیں اور باغات بھی متاثر ہوئے۔ دوسری جانب یکہ توت‘ ہزارخوانی اور دیگر نواحی علاقوں میں کچے مکانات کی دیواریں گرنے سے ایک بچہ جاں بحق جبکہ دو بچوں سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے۔ دریں اثنا دیر میں زہر آب ندی میں گاڑی بہہ گئی جس میں سوار 5 افراد ڈوب گئے۔ مقامی لوگوں کو زندہ نکال لیا ہے جبکہ ایک کی تلاش جاری ہے جبکہ صوابی کی ضلعی انتظامیہ نے مزید بارشوں کے سلسلے میں الرٹ جاری کردیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق انتظامیہ نے تربیلا سپل وے کسی بھی وقت کھولنے کا عندیہ دیدیا۔ عوام کو دریائے سندھ سے دور رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔ خضدار سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق تحصیل وڈھ اور نواحی علاقوں میں شدید بارش سے وڈھ کے قریب پل ٹوٹ گیا۔ پل ٹوٹنے سے کوئٹہ سے کراچی جانے والی شاہراہ ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی۔ لسبیلہ سے آن لائن کے مطابق کراچی‘ کوئٹہ آر سی ڈی شاہراہ اور گوادر مکران کوسٹل ہائی وے پر ٹریفک کی روانی میں خلل واقع ہوا۔ ضلع لسبیلہ کے نشیبی علاقے زیرآب آگئے ۔ حب میں ایک مرتبہ پھر پتھر کالونی کے برساتی نالے میں طغیانی آگئی۔ کراچی سے خصوصی رپورٹر کے مطابق کراچی میں ہلکی بارش کا سلسلہ تادیر جاری رہا جس کے باعث سڑکیں جل تھل ہو گئیں اور موسم خوشگوار ہو گیا۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سنٹی گریڈ رہا۔ کراچی میں سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں 10 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ سب سے کم بارش جناح ٹرمینل ایئرپورٹ پر 1.8 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ آج اتوار کو مطلع ابرآلود رہے گا اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بارش

ای پیپر-دی نیشن