• news

;;گلگت بلتستان کے عوام سے کئے وعدے پورے کروں گا: حفیظ الرحمن

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اقتصادی راہداری کا انٹری پوائنٹ ہے ، اقتصادی راہداری کے تحت رائیکوٹ سے اسلام آباد تک 100 ارب روپے لگا ئے جا رہے ہیں ، جس کی وجہ سے مستقبل میں گلگت بلتستان کے عوام بہت قلیل وقت میں معاشی استحکام حاصل کر لیں گے۔ وقت نیوز کے پروگرام " دی ادر سائیڈ " ( The other side)میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام سے کئے وعدے اپنے دور میں پورے کروں گا، ماضی میں ترقیاتی منصوبوں کو نظر انداز کیا گیا ،8 ارب کے ترقیاقی فنڈز میں سے بھی 5 ارب بغیر استعمال ہوئے واپس ہوتے رہے۔گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے کہاکہ گلگت بلتستان کا آئینی مسئلہ ایک پیچیدہ مسئلہ ہے تاہم آئینی حیثیت کے معاملے پر کشمیر کی موجودہ قیادت بھی ہمارے ساتھ آن بورڈ ہے۔ ماضی میں سردار عتیق اینڈ کمپنی نے گلگت بلتستان کا رخ بھی نہیں کیا۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں اسٹیبلشمنٹ کی غلطیوں کی وجہ سے گلگت بلتستان کا آئینی مسئلہ اقوام متحدہ میں چلا گیا۔ گلگت بلتستان سکردو روڈ کی تعمیر کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ یہ صوبائی حکومت کا منصوبہ نہیں بلکہ این ایچ اے کا منصوبہ ہے۔ روڈ کا اصل مسئلہ شاہراﺅں پر پہلے سے تعمیر شدہ پل ہیں جو 10 ٹن سے زیادہ وزن اٹھانے کے قابل نہیں ، انکا کہنا تھا کہ، دسمبر تک 80 ٹن سے زائد وزن اٹھانے والے پل بنائیں جائیں گے۔ سیاحت کے حوالے سے اللہ تعالیٰ نے گلگت بلتستان کو قدرتی حسن سے بے حد نوازا ہے، یہاں کی خوبصورتی کے باعث دنیا بھر سے سیاح اور کوہ پیما یہاں کا رخ کرتے ہیں۔ ماحول کی صفائی کیلئے حکومت نے خصوصی مہم کا آغاز کیا ہے۔ بلتستان یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ دسمبر تک اس منصوبے کا ٹینڈر ہو گا جس کے لئے 2 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔
حفیظ الرحمن

ای پیپر-دی نیشن