اربوں ہڑپ کرنے والے پارسائی کے دعویدار بنے ہیں‘ ایک سیاستدان نے جھوٹ بولنے کے ریکارڈ توڑے: شہباز شریف
لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے باشعور عوام نے دھرنوں ، لانگ مارچ اور احتجاج سے لاتعلق رہ کرثابت کیا ہے وہ صرف پاکستان کی ترقی چاہتے ہیں۔ پاکستان کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو خدمت خلق کا مینڈیٹ دیا ہے اور مسلم لیگ (ن) کی سیاست عوام کی ترقی اورخوشحالی کی سیاست ہے جبکہ دوسری طرف منفی سیاست کرنے والے ملک کو پیچھے دھکیلنا چاہتے ہیں اور یہ عناصر ملک سے انتہاپسندی، غربت، بے روزگاری اور اندھیروں کا خاتمہ نہیں چاہتے‘ سیاست میں ہمیشہ مصنوعی سہارے ڈھونڈنے والے دھرنا گروپ کے سربراہ کو عوام ہر محاذ پر مسترد کرچکے ہیں‘ عوام کی خدمت ان لوگوں کے بس کا کام نہیںجن کی سیاست صرف جھوٹ اورالزام تراشی کے گرد گھومتی ہے - ان سیاسی عناصرکو یہ بات ذہین نشین رکھنی چاہئے کہ وہ اپنے غیر جمہوری طرز عمل کے ذریعے قوم کو یرغمال نہیں بناسکتے‘ الزام تراشی کے ماہر ایک سیاستدان نے جھوٹ بولنے کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں اور یہ ناعاقبت اندیش عناصر صرف سیاست برائے اقتدار کیلئے ملک وقوم کی تقدیر کو داؤپر لگا رہے ہیں‘ ملک میں محاذ آرائی، افراتفری اور بے چینی پھیلانے کے ذمہ د اروں کو قوم اور تاریخ کبھی معاف نہیں کریگی۔ پاکستان کی ترقی کا سفر روکنے کا کھیل کھیلنے والے عوام پر رحم کریں۔ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) نے صدق دل کیساتھ عوام کی بے لوث خدمت کی ہے۔ ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ تھا، ہے اور رہے گا۔ مسلم لیگ(ن) کے عہدیداروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے مزید کہا سابق کرپٹ حکمرانوں کی کرپشن اورلوٹ مار نے کو بدحال کردیا تھا اورجب پاکستان مسلم لیگ (ن) کو اقتدار ملا تو ملک میں ہر طرف اندھیرے اورمایوسی کے بادل چھائے ہوئے تھے ۔کرپٹ ٹولے کی لوٹ مار، اقرباپروری اور بدعنوانیوں کے باعث قومی ادارے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے تھے۔ سیاسی بنیادوں پر قرضے معاف کرانیوالوںاوربینکوں پر اربوں روپے کے ڈاکے ڈالنے والوںکے چہروں سے قوم بخوبی واقف ہے اور غریب قوم کے اربو ں روپے ہڑپ کرنے والے آج پارسائی کے نام نہاد دعویدار بنے ہوئے ہیں ۔دھرنا دینے والوں نے بھی قومی معیشت کو نقصان پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اوران عناصر نے اپنے بلا جواز دھرنوں، لاک ڈاؤنوں اوراحتجاج کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام کی قسمت بدلنے اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں۔ پاکستان آگے بڑھ رہا ہے لیکن بعض عناصر اسے ترقی کی منزل سے دور کرنا چاہتے ہیں۔ ان عناصر کو ترقی کرتا اور آگے بڑھتا ہوا پاکستان گوارا نہیں۔ انہوںنے کہا وزیراعظم نوازشریف نے گزشتہ چار برس میں عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اورپاکستان کو اندھیروںسے نکال کرترقی و خوشحالی کے سفر پر گامزن کیا ہے ۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میںترقی اورخوشحالی کی منزل حاصل کریں گے اور عوامی خدمت کا سفر آئندہ بھی جاری رہے گا۔ عالمی یوم انصاف پر اپنے پیغام میں شہبازشریف نے کہا کہ انصاف پر مبنی معاشرہ ملک کی سماجی‘ معاشرتی اور اقتصادی ترقی کیلئے ایک ناگزیر ستون ہے اور معاشرے میں ہر فرد کو انصاف کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ نے بزرگ صحافی اسحاق چودھری کے انتقال پر بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔