• news

کارکن جشن منائیں گے یا حملہ ہونے پر عدالت کے ساتھ کھڑے ہوں گے: عمران

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اب جدہ نہیں اڈیالہ جیل جائیں گے، یہ اپنی چوری چھپانے کیلئے ملک کے ادارے تباہ کر رہے ہیں، نواز شریف کو نہ مودی بچا سکتا ہے نہ ڈونلڈ ٹرمپ اور نہ کوئی ملک۔ قطری شہزادہ بھی نواز شریف کو نہیں بچا سکتا، نواز شریف کیلئے ایک جگہ رہ گئی ہے اور وہ ہے اڈیالہ جیل۔ پی ٹی آئی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ شریف خاندان سے بڑھ کر کسی نے ملک کے ساتھ غداری نہیں کی، اپنی منی لانڈرنگ کے تحفظ کیلئے قانون بنایا۔ کہا جا رہا ہے کہ نواز شریف کے خلاف انٹرنیشنل سازش ہو رہی ہے، موٹروے، ییلو کیب سکیم اور میٹرو سے کمشن لئے گئے اور باہر بھجوا دیئے۔ نواز شریف کو چار سال میں ہل میٹل سے 117 کروڑ روپے بھیجے گئے۔ اسحاق ڈار کے بیٹے دبئی میں بیٹھے اربوں پتی ہیں۔ بیٹوں سے پوچھا کس سے پیسے لئے بتایا دادا سے لئے، دادا کہاں ہیں دادا زمین کے نیچے ہیں۔ جے آئی ٹی نے وہ کام کر دیا جس کی توقع نہیں تھی، انصاف کا راستہ روکا گیا تو کارکنوں کو انصاف قائم کرنے کی دعوت دوں گا۔ انہوں نے سپریم کورٹ اور پاکستان کی فوج کو نشانہ بنانا ہے اگر سپریم کورٹ اور پاک فوج کو نشانہ بنایا گیا تو قوم کو سڑکوں پر لائوں گا، کارکن خوشیاں منانے اور مافیا کو اڈیالہ جیل بھجوانے کی تیاریاں کر لیں، کارکن اسلام آباد آنے کیلئے تیار رہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف کے خلاف بھارت اور یہودی سازش کر رہے ہیں۔ مافیا نے سپریم کورٹ یا فوج کو تباہ کرنے کا سوچا تو عوام سڑکوں پر ہوں گے، نواز شریف کو ملک میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ ورکرز کنونشن میں عمران خان کو مستقبل کا وزیراعظم کہہ کر خطاب کی دعوت دی گئی۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے ’’وزیراعظم عمران خان‘‘ کے نعرے بھی لگوا دیئے۔ ٹوئٹر پیغام میں عمران خان کا کہنا ہے کہ نوازشریف اپنی کرپشن چھپانے کے لئے جمہوریت کو بطور ڈھال استعمال کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ آنے کے بعد مسلم لیگ ن کی جھنجھلاہٹ نظر آنا شروع ہوگئی، وقت کے ساتھ ساتھ وزرا کی بوکھلاہٹ بڑھتی جارہی ہے، پانامہ کیس اپنی انتہا کو پہنچنے والا ہے ۔ لاہور میں دیگر رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شفقت محمود کا کہنا تھا کہ حکمران سازش کی باتیں کرتے ہیں یہ نہیں بتاتے سازش کون کررہا ہے، حکومت کے کچھ لوگ بہت بہادر ہیں لیکن یہ بھی کسی کا نام نہیں لیتے، اگر حکومت کو سازش کا پتہ ہے تو آگاہ کرے کھل کر بتائے سازش کیا ہے۔ فواد چودھری نے کہا ہے کہ سازش تلاش کرنے والے پہلے جے آئی ٹی رپورٹ پڑھ لیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج ہماری قانونی جنگ اختتام کے قریب پہنچ جائے گی۔ پانامہ تحقیقات کیلئے ٹی او آر کمیٹی نے نتیجے پر پہنچنے کیلئے 8 ماہ محنت کی جبکہ اسحاق ڈار وقت گزارنے کیلئے لیت و لعل سے کام لیتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس دنیا کے بہترین صحافیوں کی ڈیڑھ سالہ محنت کا نتیجہ ہے، اس کیس میں عمران خان قانونی جنگ جیت چکے ہیں اب کارکن جشن کی تیاری کریں۔ صباح نیوز کے مطابق عمران نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی نے وہ کام کیا کہ جو ہم کبھی تصور بھی نہیں کرسکتے تھے اور مجھے خود بھی اس کام کی امید نہیں تھی شریف مافیا نے انصاف کا راستہ روکا تو کارکنوں کو باہر نکلنے کی کال دوں گا۔ چند دنوں بعد یا تو خوشیاں منانے کیلئے دعوت دوں گا یا پھر انصاف کا راستہ روکنے پر انصاف قائم کرنے کیلئے دعوت دوں گا کارکنوں کو نظر آرہا ہے کہ تبدیلی آرہی ہے۔ عمران خان اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں پانامہ کیس کی سماعت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عمران خان کا کہنا تھاکہ شریف برادران کا یوم احتساب قریب آگیا ہے، نوازشریف کے پاس اب بچنے کا کوئی راستہ نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن