ناز بلوچ پیپلزپارٹی میں شامل‘ تحریک انصاف کی وکٹ گرا دی: آصفہ بھٹو
کراچی (سٹاف رپورٹر + آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ناز بلوچ پیپلزپارٹی میں شامل ہو گئی ہیں۔ پیپلزپارٹی میڈیا سیل میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ‘ پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی صدر فریال تالپور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ناز بلوچ نے کہا آج دوبارہ اپنے گھر لوٹ آئی ں۔ ایک ایسی شخصیت جو عمران خان کے ساتھ رہی‘ وہ آج پیپلزپارٹی میں شامل ہو‘ لوگ چونک گئے ہیں۔ میری خدمات عمران خان سے زیادہ ملک کیلئے تھیں۔ پیپلزپارٹی کے فلسفے اور نظریئے سے متاثر ہوکر پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ تحریک انصاف کے ساتھ میرا اچھا وقت گزرا‘ لیکن آج تحریک انصاف اپنے منشور اور مقصد سے ہٹ چکی ہے۔ آج پارٹی پر یوتھ کی بجائے بزرگوں کا قبضہ ہے اور نوجوانوں کو مسترد کر دیا گیا ہے۔ تحریک انصاف پر کوئی کیچڑ اچھالنا نہیں چاہتی‘ لیکن تبدیلی کا نعرہ لگاتے خود پی ٹی آئی تبدیل ہو گئی ہے اور یہ اب وہ پارٹی نہیںرہی جس کیلئے ہم نے کام کا آغاز کیا تھا۔ عمران خان بچی کھچی پارٹی کو بچالیں۔ ناز بلوچ نے کہا میں سوشل میڈیا پر متحرک رہی‘ لیکن پی ٹی آئی صرف پنجاب تک محدود ہے اور مرکز کی سیاست کر رہی ہے۔ سندھ خصوصاً کراچی سے 2013ء کے الیکشن میں پی ٹی آئی نے 8 لاکھ ووٹ حاصل کئے‘ لیکن اس کے باوجود عمران خان نے سندھ پر توجہ نہیں دی۔ سندھ میں پی ٹی آئی کا ورکر پارٹی چھوڑ رہا ہے۔ میں نے بار بار عمران خان سے درخواست کی پارٹی پر توجہ دیں‘ پی ٹی آئی کے تنظیم فیصلوں میں صرف مرد شامل ہوتے ہیں‘ خواتین کو دور رکھا جاتا ہے۔ کراچی میں ضمنی الیکشن میں ہار کی وجہ پی ٹی آئی کے چار لوگوں کی میوزیکل چیئر ہے۔ گھوم کر یہ ہی لوگ کراچی کے صدر بن جاتے ہیں۔ نوجوانوں کے لیڈر عمران خان نہیں بلاول بھٹو زرداری ہیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ناز بلوچ کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ناز بلوچ کی شمولیت سے پیپلزپارٹی مضبوط ہوگی۔ پی ایس 114 میں 4 سیاسی جماعتوں کو شکست دی۔ آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی ملک بھر سے کامیاب ہوگی۔ فریال تالپور نے کہا پیپلزپارٹی آج پورے ملک میں پھیل رہی ہے۔ ہمارے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں۔ ناز بلوچ اپنی فیملی میں واپس آئی ہیں۔ آن لائن کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زردای نے ناز بلوچ کی پیپلزپارٹی میں شمولیت پر انہیں ویلکم کرتے ہوئے مبارکباد دی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں آصفہ بھٹو نے ٹویٹس کرتے ہوئے کہا پیپلزپارٹی نے پی ٹی آئی کی وکٹ گرا دی۔ انہوں نے ناز بلوچ کو پیپلزپارٹی میں خوش آمدید کیا اور پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دی۔