• news

نکیال سیکٹر : بھارتی گولہ باری سے خاتون سمیت 3 زخمی‘ ڈی جی ایم اوز کا رابطہ جارحیت بڑی کشیدگی کا باعث بن سکتی ہے : پاک فوج

نکیال، راولپنڈی، نئی دہلی(ایجنسیاں+نوائے وقت رپورٹ) بھارتی فوج نے نکیال سیکٹر کے مختلف علاقوں پر بلا اشتعال گولہ باری کی جس سے خاتون سمیت3افراد زخمی ہو گئے نکیال سیکٹر کے علاقے ترکنڈی میں بھارتی گولہ باری سے تین مکان بھی مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ پاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔ دوسری جانب بھارتی فوج کی جانب سے پاک فوج کی گاڑی کو نشانہ بنانے پاکستان بھارت ڈی جی ایم اوز کا ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا جس میں پاکستن نے چار جوانوں کی شہادت پر احتجاج کیا۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی ڈی جی ایم او میجر جنرل ساحر نے بھارتی ہم منصب سے ہاٹ لائن پر رابطہ کرکے گزشتہ روز وادی نیلم میں بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں چار پاکستانی جوانوں کی شہادت پر شدید احتجاج کیا۔ انہوں نے بھارتی ہم منصب سے کہا کہ پاک فوج کسی بھی جارحیت پر جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ بھارت لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی بند کرے جارحیت کے ایسے واقعات شدید اور بڑی کشیدگی کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ بھارت کی ایل او سی کو خلاف ورزیاں امن کیلئے خطرناک ثابت ہوں گی۔ ایسے اقدامات امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچائیں۔ سپلائی لائن کو متاثر کرنے کی روایت نہیں ڈالنا چاہئے، اشتعال انگیزی نہ روکی گئی تو پاکستان مزید سخت اور موثر اقدامات کریگی۔ ادھر بھارتی فوج نے ایک بیان میں کنٹرول لائن پر خلاف ورزیوں کا الزام پاکستان پر دھر دیا ہے۔ پریس ٹرسٹ آف انڈیا کی پونچھ سیکٹر میں پاکستانی فوج کی فائرنگ سے ایک 9سالہ بچی اور بھارتی فوجی ہلاک ہو گیا۔

ای پیپر-دی نیشن