• news

جعلی دستاویزات جمع کرانے والوں کیخلاف فوجداری مقدمات درج ہونا چاہئیں : عمران

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت مرکزی قیادت کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں کہا گیا مسلم لیگ (ن) کی حکومت سپریم کورٹ میں جے آئی ٹی کی رپورٹ کیخلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکی۔ اس نے سپریم کورٹ کے سامنے بھی جھوٹ بولا، فیصلہ قریب ہے، حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔ جے آئی ٹی کی جانب سے رپورٹ میں شریف فیملی کے بارے میں جو انکشافات سامنے آئے ہیں انکا بھی جواب محض مفروضے پر مبنی داخل کیا گیا۔ مشاورتی اجلاس میں جہانگیر خان ترین‘ نعیم الحق‘ اسد عمر‘ افتخار درانی‘ عثمان ڈار‘ ڈاکٹر شیریں مزاری سمیت دیگر نے شرکت کی۔ عمران خان نے اپنی لیگل ٹیم سے سپریم کورٹ کی سماعت کے حوالے سے حکمت عملی پر بات چیت کی۔ آئی این پی‘ آن لائن کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے شریف فیملی نے عدالت عظمیٰ اور جے آئی ٹی میں جھوٹ بولا۔ نوازشریف اور شہبازشریف کا نااہلی سے بچنا ناممکن ہے۔ بنی گالا میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت کور گروپ اور میڈیا سٹرٹیجی کمیٹی کے اجلاس کے دوران عمران خان نے کہا شریف فیملی کے پاس اپنے دفاع میں کہنے کو کچھ نہیں۔ جے آئی ٹی اور سپریم کورٹ میں بھی جعلی دستاویزات جمع کرائی گئیں۔ عمران خان نے کہا نوازشریف اور انکے بچوں کیخلاف فوجداری مقدمات درج ہونے چاہئیں۔ شریف فیملی نے مفروضوں کی بنیاد پر جے آئی ٹی رپورٹ کو چیلنج کیا۔
عمران خان

ای پیپر-دی نیشن