• news

نثار کے استعفی کی خبر بے بنیاد‘ جے آئی ٹی رپورٹ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں‘ والیم 10 دیا جائے : مریم اورنگزیب

اسلام آباد (آئی این پی+ آن لائن) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کے استعفے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے ان کے استعفے کی خبر بے بنیاد ہے، چودھری نثار خود پریس کانفرنس میں تفصیل بتائیں گے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا چودھری نثار مسلم لیگ (ن) کے بہت اہم رکن ہیں ان کے استعفے کی خبر بے بنیاد ہے۔ مزید برآں پانامہ کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا جے آئی ٹی رپورٹ کی جلد 10 کو سپریم کورٹ سے بھی چھپایا جا رہا ہے۔ انہوں نے جے آئی ٹی رپورٹ کی جلد 10 کو پبلک کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا جلد 10 جس دن پبلک ہوئی سب کو خود معلوم ہو جائے گا جے آئی ٹی کا مقصد کیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق انہوں نے کہا جے آئی ٹی کی جانب سے سپریم کورٹ کو مہیا کی گئی دستاویزات حاصل کردہ نہیں بلکہ تخلیق کردہ ہیں۔ سپریم کورٹ میں اعتراف کیا گیا یہ دستاویزات تصدیق شدہ نہیں ہیں۔ ان غیرتصدیق شدہ دستاویزات کی بنیاد پر وزیراعظم نوازشریف سے استعفے کا مطالبہ نہیں کیا جا سکتا۔ جے آئی ٹی کی رپورٹ پر شریف خاندان کے تمام تحفظات آج بھی قائم ہیں۔ جے آئی ٹی کی رپورٹ میں جو زبان استعمال کی گئی ہے وہ اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ جے آئی ٹی کے ارکان کی رپورٹ بدنیتی پر مبنی ہے۔ آن لائن کے مطابق انہوں نے جے آئی ٹی رپورٹ کی جلد 10 کی فراہمی کی استدعا کرتے ہوئے کہا ہے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) رپورٹ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں، کس آئین اور قانون کے تحت جے آئی ٹی ابھی تک اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ امید ہے عدالت عالیہ پانامہ کیس کا فیصلہ آئین و قانون کے مطابق دے گی، نواز شریف اور ان کے خاندانی کاروبار کے ساتھ کرپشن کا کوئی کیس جوڑا نہیں جا سکا، جے آئی ٹی رپورٹ کی زبان سے پتہ چلتا ہے یہ بدنیتی پر مبنی ہے مگر اس نے بھی وزیراعظم پر کوئی الزام نہیں لگایا، عدالت عظمیٰ میں شریف خاندان نے تصدیق شدہ دستاویزات جمع کرائی ہیں تاہم غیرتصدیق شدہ دستاویزات کی گواہی کون دے گا۔ انہوں نے کہا عدالت عظمیٰ کے ججز کہہ چکے ہیں سپریم کورٹ میں غیر تصدیق شدہ دستاویزات کی کوئی اہمیت نہیں۔ والیم 10 کو فراہم کرنے کیلئے اعلی عدلیہ کیلئے درخواست دائر کر دی ، والیم 10 میں فراہم کردہ شواہد تصدیق شدہ نہیں اور سپریم کورٹ میں اصل حقائق کو چھپایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم پہلے ہی کہہ چکے ہیں ان پر کوئی کرپشن کا الزام ثابت نہیں ہو سکا اور جے آئی ٹی رپورٹ میں بھی وزیراعظم کی کرپشن کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آ سکا اور جے آئی ٹی نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ہے۔ کرپشن زدہ سازشی عناصر کا ٹولہ اس وزیراعظم پر کیچڑ اچھا رہا ہے جس پر بددیانتی پر مبنی جے آئی ٹی کی رپورٹ بھی کرپشن کا ایک الزام ثابت نہیں کر سکی، انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر حملہ کرنے والوں کو عدالت اشتہاری قرار دے چکی ہے اور ان کی جائیداد قرقی کا حکم دے چکی ہے۔ عمران خان خود اپنی منی ٹریل پیش نہیں کر سکے ، خیبر پی کے اور سندھ میں نیب کے ادارے بند کر دیئے گئے سازشیوں کا ٹولہ ناکام ہو گا اور پاکستان میں آئین و قانون کی بالادستی ہو گی۔ اللہ خیر کرے گا وزیراعظم سرخرو ہونگے۔ پشاور میں دہشتگردی واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا حکومت اور افواج پاکستان دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کوشاںہے حکومتی کارکردگی سے دہشتگردی میں نمایاں کمی ہوئی ہے اور دہشتگردوں کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دینگے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق مریم اورنگزیب نے کہا ہے اپوزیشن خود پہلے سے تقسیم شدہ ہے، مسلم لیگ (ن) سب سے بڑی پارٹی ہے، ضروری نہیں سب کی رائے ایک ہو ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چودھری نثار نے پارلیمانی کمیٹی اجلاس میں شرکت کی اور نہ آنے کی وجہ بھی بتائی۔ پارلیمنٹ منتخب وزیراعظم کی ترجیح ہوتی ہے۔ وزیراعظم کا کوئی ارادہ نہیں کہ وہ استعفیٰ دیں گے، اور نہ ہی اس بارے میں سوچا جا رہا ہے۔
مریم اورنگزیب

ای پیپر-دی نیشن