سپین:پاکستان نے بھارت کو ہراکر مقامی کرکٹ ٹورنا منٹ جیت لیا
بارسلونا(سپورٹس ڈیسک )سپین کے صوبہ کاتالونیا کے دارلحکومت بارسلونا میں کھیلا جانے والا مقامی ٹورنا منٹ جسے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا نام دیا گیا پاکستانی ٹیم نے بھارت کو کانٹے دار مقابلے کے بعد ہرا کر جیت لیا۔کاتالان کرکٹ فیڈریشن کے زیر اہتمام ٹورنامنٹ میں پاکستان ، بنگلہ دیش اور بھارت کی ٹیموں نے حصہ لیا۔فائنل میں پاکستان اور بھارت آمنے سامنے تھے ،بھارتی اور پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد کرکٹ اسٹیڈیم میں موجود تھی جو اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لئے نعرے بازی کرتی رہی۔بھارت نے مقررہ اوورز میں 151رنز بنائے۔ کلدیپ کے 63رنز کی اننگز شامل تھی۔پاکستانی ٹیم 152کے ٹارگٹ کا سنگ میل عبور کرنے میدان میں اتری ، اوپنر اویس نے ففٹی سکور کی لیکن پاکستانی چھ بلے باز جلد آوٹ ہوگئے اور فائنل بھارت کے حق میں ہوتا نظر آیا۔تاہم عابد حنیف اور محمد علی کے درمیان ساتویں وکٹ کی شاندار شراکت نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور محمد علی نے 15 گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 34رنز بنا کر فائنل میچ پاکستان کو جتوا دیا اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ بہترین بلے باز کا انعام محمد علی اور بہترین باولر کا انعام خاور شاہ نے حاصل کیا۔مین آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز خاور شاہ کے حصے میں آیا۔