مرجھائے چہروں کے ساتھ قومی ویمنز ٹیم کی وطن واپسی گفتگو کرنے سے انکار
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) آئی سی سی ویمنر ورلڈ کپ میں ناکامی کے بعد پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم وطن واپس پہنچ گئی۔ ائرپورٹ پرکھلاڑیوں کے استقبال کے لیے پی سی بی کا کوئی بھی نمائندہ موجود نہ تھا۔ورلڈکپ میں بدترین کارکردگی کے ساتھ ساتوں میچز میں شکست کے بعد ویمنز ٹیم خالی ہاتھ وطن لوٹی۔ٹیم ایونٹ میں ایک بھی میچ نہ جیت سکی۔پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم وطن واپس پہنچی تو لاہور ائیرپورٹ پر پی سی بی کا کوئی نمائندہ ان کے استقبال کے لیے نہیں دکھائی دیا۔خواتین کھلاڑیوں کے لئے ٹرانسپورٹ کا بھی کوئی انتظام نہیں کیا گیاتھا۔ ناشرہ سندھو کو والد کے ساتھ موٹر سائیکل پرہی گھرجانا پڑا۔کپتان ثنا میر اور نین عابدی وطن واپس نہیں آئیں، دیگر خواتین کھلاڑی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گھروں کوروانہ ہوگئیں۔وطن واپس آنےوالی کھلاڑیوں میں بسمہ معروف، ڈیانابیگ، مرینہ اقبال، ناہیدہ بی بی، اسماویہ سمیت دیگر کھلاڑی اور آفیشلز بھی لاہور ایئر پورٹ پہنچے تاہم کپتان ثناءمیر نجی مصروفیات کی بنا پر واپس نہیں آسکیں۔لاہور ایئرپورٹ پر کھلاڑیوں نے میڈیا سے بات کرنے سے انکار کردیا جبکہ کھلاڑیوں کے استقبال کے لئے شائقین بھی ایئرپورٹ پر موجود نہ تھے۔پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر چیئرمین پی سی بی شہریار خان ناخوش ہیں جبکہ کرکٹ ورلڈ کپ کے تمام میچز میں ناکامی پر انہوں نے پہلے ہی رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شہریار خان ویمن کرکٹ ٹیم میں جلد تبدیلیوں کے حق میں ہیں جبکہ ٹیم کی کپتان ثنا میر بھی جلد اپنی ریٹائر منٹ کا اعلان کریں گی۔ ثنا میر صحیح طریقے سے قیادت کرنے میں ناکام رہیں۔ بورڈمستقبل میں ٹیم میں ان کے کردار کے حوالے سے آئندہ ہفتے تک کوئی اہم فیصلہ کر سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق آل راونڈر بسمہ معروف ممکنہ طور پر قیادت کیلئے بورڈ کا اگلا انتخاب ہو سکتی ہیں۔ثنا میر قیادت اور ٹیم میں جگہ دونوں سے محروم ہو سکتی ہیں۔ ٹیم کی قیادت کی ذمے داریاں بسمہ معروف کو سونپ دی جائیں گی جنہوں نے گزشتہ عرصے کے دوران خود کو بہترین کھلاڑی کے طور پر منوایا ہے۔کوچ صبیح اظہر کی بھی چھٹی کا امکا ن ہے ۔ ان کی جگہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچز میں سے کسی کو عہد ہ سونپاجاسکتا ہے ۔