• news
  • image

اپوزیشن سینٹ اجلات میں وزیراعظم کے استعفے کی قرارداد لانا چاہتی ہے

اپوزیشن کی ریکوزیشن پر طلب کردہ سینیٹ کا اجلاس پیر کو سٹنگ سینیٹر آغا شہباز درانی کی وفات کے باعث ایجنڈے پر کوئی کارروائی کئے بغیر ملتوی کر دیا گیا اجلاس میں مرحوم آغا شہباز درانی کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا پارلیمانی روایت کے مطابق سٹنگ ممبر کی وفات کے سوگ میں پارلیمان کا اجلاس کسی کارروائی کے بغیر اگلے روز کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔ سینیٹ کے اجلاس سے قبل ہائوس بزنس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ سیینیٹ میں اپوزیشن نے وزیراعظم نواز شریف پر استعفیٰ دینے کے لئے دبائو ڈالنے کے لئے اجلاس کی ریکوزیشن جمع کرائی ہے۔ سردست اپوزیشن وزیراعظم سے مطالبہ کرنے کے لئے ایک صفحہ پر نہیں ہے۔ اس بات کا قوی امکان ہے اپوزیشن جے آئی ٹی کی فائنڈنگ پر بحث کے اختتام پر وزیراعظم نواز شریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرنے کے لئے قرار داد لانا چاہتی ہے ممکن ہے اپوزیشن سینیٹ سے قرار داد منظور کرا لے لیکن اس قراداد کو پوری اپوزیشن کی حمایت حاصل نہیں ہو گی عوامی نیشنل پارٹی نے تو اعلان کر دیا ہے وہ وزیراعظم سے استعفے کی قرارداد کی حمایت نہیں کرے گی۔ یہ بات واضح ہے سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفرالحق اپوزیشن کو قرارداد نہ لانے کے لئے اپنا اثرورسوخ استعمال کر رہے ہیں۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس کا ماحول اپنے ایک ساتھی کے بچھڑ جانے پر سوگوار تھا اجلاس میں ارکان نے سینیٹر آغا شہباز خان درانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ سینیٹر اعتزاز احسن، سراج الحق، مشاہد خان، کر نل ( ر) طاہر مشہدی،سینیٹر محسن لغاری، سینیٹر حمزہ، سینیٹر سعد مجید، سینیٹر محسن عزیز، سینیٹر نثار محمد، سینیٹر سلیم مانڈوی والا،سینیٹر حافظ حمداللہ اور دیگر ارکان نے سینیٹر آ غا شہاز درانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ آغاز شہباز درانی ایک فعال رکن تھے، نرم گفتگو کرتے تھے۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ایوان بالا ایک نوجوان رہنما سے محروم ہو گیا ہے۔ سینیٹر میاں عتیق نے کہا کہ ان کی موت پوری قوم کا نقصان ہے، انہوں نے سب کیلئے اچھی یادیں چھوڑیں۔ سینیٹر سحر کامران سینیٹر تنویر الحق تھانوی، سینیٹر روبینہ عرفان، سینیٹر نگہت مرزا، سینیٹر چوہدری تنویر نے آغا درانی کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ سینیٹر کلثوم پروین نے کہا کہ ان کے دو سالہ سینیٹ کے کیرئیر پر ایک کتاب لکھی جا سکتی ہے جس پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وہ پہلے ہی اس حوالے سے ہدایت دے چکے ہیں سینیٹر پرویز رشید، سینیٹر عاجز دھامرا نے بھی آغا شہباز درانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ وہ ایک خوبصورت اور خوب سیرت نوجوان تھے۔ سینیٹر محسن لغاری، سینیٹر حمزہ، سینیٹر سعد مجید، سینیٹر محسن عزیز، سینیٹر نثار محمد، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سینیٹر رحمان ملک اورسینیٹرمشاہداللہ نے بھی کہا کہ وہ ایک اچھے اور نفیس سیاستدان تھے،سینٹ اجلاس میں سینیٹر مشاہد سید کے والد، سینیٹر آغا شہباز خان سمیت ملک میں مختلف سانحات میں جاںبحق افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن