جے آئی ٹی مخبر‘ جاسوس کے ذریعے دستاویزات لائی‘ قطری وزیر خارجہ کی آمد کا کیس سے تعلق نہیں: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (آئی این پی+ آن لائن) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جمہوریت کو خطرہ دھرنا پارٹی سے ہے ، پانامہ کی طرح اقامہ کا معاملہ بھی جلد ختم ہو جائے گا، تمام جماعتوں کے کارکن صبرو تحمل کا مظاہرہ کریں، انہیں معلوم ہے ان کے الزامات اعلیٰ عدلیہ سے بھی مسترد ہونے والے ہیں، اپوزیشن خود 4 سال جمہوریت اور پارلیمنٹ کے لئے خطرہ بنی رہی۔ وزیر اعظم نواز شریف سپریم کورٹ سے جلد سرخرو ہونگے۔ جے آئی ٹی مخبر، جاسوس کے ذریعے دستاویزات سامنے لائی۔ قانون میں جاسوس کے ذریعے دستاویزات کی گنجائش نہیں۔ وزیر مملکت نے کہا ہے کہ قطر کے وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کا پانامہ کیس سے کوئی تعلق نہیں۔ پاکستان میں پانامہ کیس سے ہٹ کر بھی دیگر قومی معاملات ہیں۔ پانامہ کیس انجام تک پہنچ گیا ہے، انشاء اللہ جلد ختم بھی ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی جماعت سمجھتی ہے کہ اس کے کارکن چارج ہیں تو یہ اس کی غلط فہمی ہے۔ طلال چوہدری نے کہا جے آئی ٹی نے کیا گل کھلائے آہستہ آہستہ سامنے لائیں گے۔ زرداری کرپشن کا آئن سٹائن ہے، بلاول کرپشن کی بات کرنے سے پہلے اپنے والد کی طرف دیکھیںان کے تعلیمی اخراجات سوئس اکائونٹس سے پورے ہوئے، بلاول بھٹو عمران خان کا بھتیجا ہے، لیگی رہنما نے نیا نعرہ بھی دے دیا، کہتے ہیں’’ گلی گلی میں شور ہے، نیازی کے پیچھے کوئی اور ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے بڑے بڑے استعفیٰ نہیں لے سکے، بلاول آپ تو ابھی بچے ہیں۔ طارق فضل چوہدری نے کہا عمران خان جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے، عمران خان قوم کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں۔