• news

بات 62، 63 سے آگے نکل گئی، شریف خاندان پر جعلسازی کا مقدمہ بنے گا: خورشید شاہ

اسلام آباد (صباح نیوز) اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اب بات 62اور 63سے آگے نکل گئی ہے شریف خاندان پر جعلسازی کا مقدمہ بنے گا کیونکہ انہوں نے جعلی دستاویزات پیش کیں، سپریم کورٹ وزیراعظم کو نااہل قرار دے سکتی ہے، شریف خاندان 8ماہ تک کہتا رہا کہ تمام دستاویزات موجود ہیں اب عدالت سے دستاویزات پیش کرنے کے لیے وقت مانگا جا رہا ہے۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے وزیراعظم کی نااہلی پر عدالت کے خلاف بدزبانی نہیں کی ہم نے 2014ءمیں وزیراعظم کو نہیں جمہوریت کو بچایا۔ میمو سکینڈل میں نواز شریف سب سے آگے تھے۔ نندی پور پر 45ارب روپے اضافی خرچ کیے گئے، یہ بہت بڑا کرپشن سکینڈل ہے 58ٹو بی میں فرق ہے کبھی بھی صدر کوئی بہانہ بنا کر ختم کر سکتا ہے 62اور 63 تب لگتا ہے جب وہ ثابت ہوتا مگر اب اس سے بات بڑھ چکی ہے کیونکہ جعلی دستاویزات دی گئی ہے، ڈاکومنٹ دے کر پھر ہٹ بھی گئے ہیں، اب یہ کریمنل سائیڈ پر بھی آگئے ہیں، نااہلی کے ساتھ انہیں کریمنل سائیڈ کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔ ہم اس حق پر ہیں کہ یہ مدت پوری کریں اور الیکشن وقت پر ہوں سیاست میں اتار چڑھاﺅ آتا رہتا ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ گالی گلوچ کی سیاست پر ہم یقین نہیں رکھتے ہم چاہتے ہیں جمہوری نظام جاری رہے تاکہ پاکستان آگے بڑھے۔
خورشید شاہ

ای پیپر-دی نیشن