جھوٹ بولنے کا عالمی ریکارڈ بنانیوالے سیاستدان نے ہر موقع پر یوٹرن لیا : شہبازشریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ غریب قوم کی خون پسینے کی کمائی لوٹنے والوں اور دھرنوں کے ذریعے معیشت کا دھڑن تختہ کرنےوالو ںکا رویہ ملک وقوم سے دشمنی کے مترادف ہے۔ سر سے لےکر پاﺅں تک کرپشن زدہ سیاستدانوں کے منہ سے پارسائی کی باتیں زیب نہیں دیتیں۔ سیاسی بنیادوں پر اربوں روپے کے قرضے معاف کرانےوالوں نے غریب قوم کا خون چوسا ہے۔ ماضی میں اپنے دور میں کرپشن کے عالمی ریکارڈ بنانے والوں اور موجودہ دور میں ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار کے نئے ریکارڈ قائم کرنے والوں کو عوام جانتے ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت ،برق رفتاری اور اعلیٰ معیار کے ساتھ ان کی تکمیل مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی پہچان ہے اور ہمارے مخالفین بھی ترقیاتی منصوبوں میں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکتے۔ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں کے وفد سے بات چیت میں کیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ عوام کی خدمت ہمارا نصب العین جبکہ احتجاج مایوس عناصر کا مقدر ہے۔ سابق کرپٹ حکمرانوں نے قومی خزانے پر ہاتھ صاف کرکے غریب قوم کا حق چھینا اور ستم ظریفی دیکھئے کہ نندی پور پاور پراجیکٹ پر ڈاکہ ڈالنے والا قومی مجرم آج کرپشن پر لیکچر دے رہا ہے۔ جن لوگوں کی کرپشن عدالتوں کے فیصلوں میںثابت ہوچکی وہ احتساب کا شور مچاکر اس کی گرد میں چھپناچاہتے ہیں۔ دھرنا گروپ اور کرپشن زدہ حکمرانوں نے ملک کو پیچھے دھکیلنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، قوم کو اندھیروں میں دھکیلنے والے خائنوں کو انصاف کے کٹہرے میں آنا ہوگا۔ مخالفین بے بنیاد الزام تراشیوں اور دروغ گوئی پر اتر آئے ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا دامن صاف اور ضمیر مطمئن ہے۔ خدمت، دیانت اور شفافیت کی سیاست کے سامنے منفی سیاست نہیں ٹھہر سکتی۔ جھوٹ کا سہارا لینے والوں کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ بولنے کا عالمی ریکارڈ قائم کرنے والے سیاستدان کے ہر موقع پر یوٹرن اور تضاد بیانی پوری قوم کے سامنے آشکار ہو چکی ہے اور گزشتہ چار برس کے دوران دھرنا پارٹی نے انتشار او رمحاذ آرائی کے سواکچھ نہیں کیا۔ الزامات کی بارش اور جھوٹ کا طوفان اٹھانے والو ںنے جو حال اپنے صوبے کا کیا ہے، وہ سب کے سامنے ہے اور دھرنا دینے والوں نے اپنے صوبے میں عوام کی خدمت کا نادر موقع ضائع کیا ہے۔
شہبازشریف