نوازشریف کو ہٹانے کی کوئی بھی سازش ووٹر ناکام بنا دینگے‘ عمران پیدائشی ٹھگ اور چور ہیں : وفاقی وزرائ
اسلام آباد(آئی این پی+صباح نیوز)وزیر مملکت برائے آئی ٹی انوشہ رحمان نے کہا کہ وزیر اعظم کا یکطرفہ میڈیا ٹرائل ہو رہا ہے، نواز شریف کو ہٹانے کی کوئی بھی سازش وزیر اعظم کے ووٹر ناکام بنائینگے ۔بدھ کو انوشہ رحمان نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین جے آئی ٹی پرالزام ہے کہ انہوں نے اپنے کزن کی خدمات حاصل کیں ۔جے آئی ٹی کے سربراہ پر شدیدالزامات ہیں۔سربراہ جے آئی ٹی کے کزن کی کمپنی ایک سال سے کام نہیں کررہی تھی۔واجد ضیا اس حوالے سے سوال کا جواب دیں۔ پرائیوٹ کمپنی کو 49ہزارپاونڈ کی رقم ادا کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ یہ رقم عوام کے ٹیکس کے پیسوں کی ہے۔ دوسروں پرالزام لگانا آسان کام ہے کیا جے آئی ٹی کے اوپر ایک اور جے آئی ٹی بنانی پڑے گی۔ انوشہ رحمان نے کہا کہ جے آئی ٹی نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے حوالے سے بھی رپورٹ میں جھوٹ بولا ہم جے آئی ٹی کی سفارشات کی مذمت کرتے ہیں۔ یہ سوالات ہم نے سپریم کورٹ کے سامنے رکھے کہ جے آئی ٹی اپنے مینڈیٹ سے بہت باہر نکل گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی رپورٹ ہزاروں صفحات پر مشتمل ہے جس میں غیر مصدقہ دستاویزات شاید ہیک شدہ ای میلز اور غیر دستخط شدہ دستاویزات شامل ہیں۔ ان دستاویزات کے حصول میں واجد ضیاءکے کزن کی کمپنی کوئسٹ کا کردار بھی موجود ہے اگر ایسا ہے تو تمام جے آئی ٹی رپورٹ ردی کی ٹوکری میں جانے کے علاوہ کوئی کاغذ فراہم نہیں کرتی۔ ان کا کہنا تھا کہ رشتہ داروں پر پاﺅنڈز نچھاور کرنا اتھارٹی کا غلط استعمال ہے۔ ہم امید کرتے ہیں عدالت اس کا نوٹس لے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی نے کوئی ایسی دستاویز پیش نہیں کی جو یہ ثابت کرے کہ نواز شریف کا لندن فلیٹس کی ملکیت سے کوئی تعلق بنتا ہے۔ جے آئی ٹی بتائے کہ کس طرح ٹرسٹ بنانے میں مریم نواز شریف کا کوئی کردار ہے۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ سے عمران خان اور انکے حواریوں کے تابوت نکلیں گے، لاہور ہائیکورٹ نے کل ایک ٹھگ بابراعوان کو بے نقاب کر دیا،عابد شیر علی نے کہا کہ خود کو بہادر سمجھنے والے عمران خان سپریم کورٹ نہیں آ رہے، اشتہاری ہیں، ہمیشہ چھپ کر وار کرتے ہیں، ان کو ڈر ہے کہ عدالت آئے تو گرفتار ہو جائیں گے،عمران خان کے والد مستند چور تھے، ان کو کرپشن میں سزا ہوئی، انہوں نے پاکستان کے اداروں کے پیسے چوری کیے۔عابد شیر علی نے مزید کہا عمران خان نے کرپشن کے پیسوں سے آکسفورڈ میں تعلیم حاصل کی، یہ پیدائشی ٹھگ اور چور ہیں، عمران خان نے پرویز مشرف دور میں 5 شیروانیاں سلوائیں، نوازشریف کا نام لنک کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔نند ی پور کے اربوں روپے ہڑپ کرنے والے بابر اعوان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کیخلاف ریفرنس دائر کیا اس کو ہتھکڑیاں لگنی چاہئیں۔
وفاقی وزرائ