ڈاکٹر عا فیہ کی واپسی کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دی جائے: فوزیہ صدیقی
کراچی (صباح نیوز) ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ عافیہ کے قید ناحق میں 5226 دن گزرگئے ہیں۔ عافیہ موومنٹ ڈاکٹرعافیہ کی بے گناہی کی بنیاد پر اس کی وطن واپسی کیلئے ملکی اور عالمی سطح پر جدوجہد کررہی ہے۔ عافیہ کے امریکی وکلاء بھی عافیہ کی وطن واپسی کیلئے پاکستانی حکمرانوں سے کئی مرتبہ رابطہ کرچکے ہیں۔ عافیہ کی وطن واپسی کیلئے سندھ، لاہور اور اسلام آبادہائی کورٹ میں دائر پٹیشنزکو بھی سالہا سال گزرنے کے باوجود کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہو سکا۔ حکمرانوں اور ارباب اختیار کی بے حسی تقاضہ کررہی ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی میں حائل رکاوٹوں کی فیکٹ فائنڈنگ کیلئے بھی اب ایک جے آئی ٹی تشکیل دی جائے۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے قومی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ خدارا عافیہ کے معاملے میں خاموشی توڑکر آواز بلند کریں۔ دینی و سیاسی جماعتیں پارلیمنٹ میں عافیہ کی وطن واپسی کیلئے عملی جدوجہد کرکے قوم کی نمائندگی کا حق ادا کریں۔ سینٹ کے جاری حالیہ سیشن میں عافیہ کی واپسی کے معاملے پر بات کی جائے اور حکومت اور ارباب اختیار کو اس دینی و قومی فریضہ کی فوری ادائیگی پر مجبورکیا جائے۔