• news

شیخوپورہ: گیس کی لوڈ شیڈنگ، شہری ناشتے، رات کے کھانے کیلئے ہوٹلوں کا رخ کرنے لگے

شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) شیخوپورہ میں گیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی لوگ رات کا کھانا، صبح کے ناشتہ کیلئے ہوٹلوں کا رخ کرنے لگ گئے محکمہ سوئی گیس نے لوڈشیڈنگ کا سلسلہ صرف گھریلو صارفین کیلئے شروع کررکھا ہے جبکہ انڈسٹری کو بلاتعطل گیس سپلائی کی جارہی ہے۔ اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن شیخوپورہ کے سابق جنرل سیکرٹری چوہدری طاہر شہزاد کمبوہ ایڈووکیٹ ،کامران ذوالفقار ورک ایڈووکیٹ ،شہباز ورک ایڈووکیٹ اور دیگر نے اعلان کیا کہ گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم نہ کی گئی تو اس سلسلہ میں عدالت میں محکمہ سوئی گیس کے مقامی افسروں کیخلاف رٹ دائر کی جائیگی۔ اس سے قبل بھی رٹ دائر کی گئی جہاں سوئی گیس کے عملہ نے عدالت کو تحریری یقین دہانی کروائی تھی کہ آ ئندہ گیس کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی مگر محکمہ اپنے بیان سے مکر گیا ہے جن کے خلاف توہین عدالت کی علیحدہ کاروائی بھی کی جائیگی۔ سروے میں لوگوں نے کہا کہ رات نو بجے سے لیکر صبح سات بجے تک مکمل طور پر گیس بند کی جاتی ہے جبکہ دن کے اوقات میں بھی وقفے وقفے سے گیس کے پریشر میں کمی کی جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق شیخوپورہ میں گیس کی لوڈشیڈنگ ایم ڈی کے حکم سے کی جارہی ہے رات کو اکثر لوگ بجلی بند ہونے سے گیس کے جرنیٹر کا استعمال کرتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن