• news

لیڈی ریڈنگ ہسپتال آپریشن تھیٹرکی چھت ٹپکنے کی ویڈیو لیک کرنے پر 7ٹیکنیشنز معطل

پشاور (بیورو رپورٹ) لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں آپریشن تھیٹر کی چھت ٹپکنے کی ویڈیو لیک کرنے پر 7ٹیکنیشنز کو معطل کردیا گیا ہے جبکہ ہسپتال منیجر کو کلین چٹ دے دی گئی ہے، گزشتہ دنوں لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں آپریشن تھیٹر میں چھت ٹپکنے کے دوران آپریشن کرنے کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی تھی، بعد ازاں ہسپتال انتظامیہ نے ایسوسی ایٹ ہسپتال ڈائریکٹر محمد طارق خان کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کردی تھی جس کے دیگر ممبران میں ڈائریکٹر ہیومن ریسورس عابد الرحمن، میڈیکل آفیسر او پی ڈی شیر علی اور الیکٹریکل انجینئر عاش نواز شامل تھے ، کمیٹی نے ہسپتال انتظامیہ اور حکومت کی کوتاہی تسلیم کرنے کی بجائے 7 ٹیکنیشنز کو معطل کردیا جس کی وجہ سے گزشتہ شب آپریشن تھیٹر بھی بند رہا جس سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، معطل ہونے والے ٹیکنیشنز میں فرید، مسعود، شکیل، معاذ، شاہ زیب، نصرت اور یونس شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن