ایس پی تشدد کیس : عدالت نے عمران، طاہرالقادری کی جائیداد کی تفصیلات پھر طلب کر لی
اسلام آباد(صباح نیوز)انسداد دہشتگردی عدالت نے ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس میں انسپکٹر غلام مصطفی کا بیان ریکارڈ کرلیا ہے جبکہ ایک بار پھر عمران خان اور طاہر القادری کی جائیداد کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔جمعرات کواسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ایس ایس پی عصمت اللہ تشدد کیس کی سماعت ہوئی۔جج شاہ رخ ارجمند نے کیس کی سماعت کی۔ ایس ایس پی عصمت اللہ بیرون ملک ہونے کے باعث عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔سماعت کے موقع پرکیس کے مرکزی گواہ انسپکٹر غلام مصطفی نے اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے بتایا کہ واقعے کے مرکزی ملزمان عمران خان اور طاہر القادری کی گرفتاری کی درخواست کی تھی، اس کے لئے ایف آئی آر کی کاپی حاصل کرنے کے بعد تفتیش شروع کی گئی ، تفتیش میں شواہد ملنے کے بعد میں نے جے آئی ٹی بنانے کی درخواست دی لیکن اس پر کوئی عملدرآمد نہ ہوا۔انسپکٹر غلام مصطفیٰ نے عدالت کو بتایا سرکاری ٹی وی پر حملے اور ملازمین پر تشدد پر چیئرمین پیمرا سے واقعے کی سی ڈی طلب کی گئی۔ انہوں نے صرف ایک سی ڈی دی ،بعد ازاں میرا تبادلہ کردیا گیا۔ اس موقع پر عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید دو گواہوں کو طلب کرلیا ہے۔واضح رہے کہ ایس ایس پی اسلام آباد تشدد کیس میں عمران خان اور طاہر القادری کو پہلے ہی اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے۔ عدالتی حکم نامے پر دونوں ملزمان کی جائیداد کی قرقی کیلئے چھان بین شروع کر دی گئی ہے، جبکہ جمعرات کو پھر عدالت نے دونوں کی جائیداد کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت چوبیس اگست تک ملتوی کر دی۔
ایس پی تشدد کیس