• news

پانامہ کیس پر ڈیڑھ سال پہلے کہا تھا ابھی بہت کچھ ہونا ہے: صدر ممنون

راولپنڈی + لاہور ( وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی رپورٹر + نامہ نگاران + آن لائن) صدر ممنون حسین نے پانامہ کیس کے حوالے سے کہا ہے کہ ڈیڑھ سال پہلے بیان دیا تھا ابھی تو بہت کچھ ہونا ہے وزراءانتظار کریں۔ سب کو فیصلے کا انتظار کرنا چاہئے۔ راولپنڈی ریلوے سٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پانامہ پر بات کرنے کا موقع نہیں‘ ریلوے کے سفر پر بات کریں۔ صدر ممنون حسین ٹرین کے ذریعے راولپنڈی پہنچے تھے۔ اس موقع پر صدرمملکت کا استقبال وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کیا۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ ریلوے کے حالات خراب تھے۔ سعد رفیق کے سنبھالنے کے بعد بہتر ہو رہے ہیں۔ ریلوے میں مثبت تبدیلیاں آئیں۔ سفری سہولیات بہتر ہوئیں۔ عام شہری کو پیغام دے رہا ہوں ریلوے کا سفر محفوظ و آرام دہ ہے سفر کا مقصد ریلوے پر عوام کے اعتماد کی بحالی کا پغام دینا تھا۔ ریلوے ملازمین کے جائز مطالبات خواجہ سعد رفیق منظور کریں گے۔ عام افراد کے ساتھ پی آئی اے کا سفر کرتا رہا ہوں۔ ریلوے میں سفر کا پہلا موقع ہے۔ قبل ازیں صدرمملکت سے ایس او اس ویلج کے 25 رکنی بچوں کے وفد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر کو ایس او ایس ویلج کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا گیا۔ دریں اثنا صدرمملکت لاہور میں دو روز گزارنے کے بعد جمعرات کی شام ریل کار پر واپس اسلام آباد روانہ ہوئے۔ اس موقع پر ریل کار کی اکانومی کلاس کی تمام ٹکٹیں منسوخ کر دی گئیں اور ریلوے سٹیشن کو عام شہریوں کیلئے نوگر ایریا بنا دیا گیا جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا۔ لاہور سے راولپنڈی کے درمیان تمام ریلوے پھاٹک ٹرین کی آمد سے آدھ گھنٹہ قبل ہی بند کرکے پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔ پھاٹکوں کے بند ہونے سے ٹریفک جام ہونے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ای پیپر-دی نیشن