کراچی : پولیس موبائل پر فائرنگ اے ایس آئی دو کانسٹیبل راہگیر لڑکا جاں بحق....
کراچی/ ڈیرہ مراد جمالی/ خیبر ایجنسی (نوائے وقت رپورٹ+ کرائم رپورٹر+ ایجنسیاں) کراچی کے علاقے کورنگی میں دارالعلوم چورنگی کے قریب نامعلوم افراد نے عوامی کالونی تھانے کی موبائل نمبر ایس پی 536 پر فائرنگ کردی جس سے 3 پولیس اہلکار، 12 سالہ راہگیر لڑکا جاں بحق جبکہ 10 سالہ بچہ شدید زخمی ہوگیا۔ بتایا گیا ہے دارالعلوم چورنگی کے قریب کھڑی پولیس موبائل پر 3 موٹر سائیکلوں پر سوار 6 افراد نے حملہ کیا۔ فائرنگ سے اے ایس آئی قمر الدین، کانسٹیبل بابر علی، کانسٹیبل امجد اور قریب سے گزرنے والا 12 سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا جبکہ 10 سالہ بچہ عابد شدید زخمی ہوا۔ ترجمان ہسپتال ڈاکٹر سیمی جمال کے مطابق زخمی بچے کا علاج جاری ہے۔ اطلاع ملتے ہی رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری دارالعلوم چورنگی پہنچ گئی اور حملہ آورورں کی تلاش شروع کردی۔ ذرائع کے مطابق پولیس اہلکاروں نے بلٹ پروف جیکٹس نہیں پہنی تھیں، بلٹ پروف جیکٹس موبائل میں ہی پڑی رہیں۔ ادھر ایس پی راجہ عمر خطاب کے مطابق 6 افراد نے پولیس اہلکاروں کو ٹارگٹ کیا۔ واقعہ میں 3 قسم کا اسلحہ استعمال ہوا۔ جائے وقوعہ سے 45 گولیوں کے خول ملے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ حملہ آورورں کو فوری گرفتار کیا جائے۔ ادھر ڈےرہ مراد جمالی کے انڈسٹریل ایریا میں دوران گشت پولیس موبائل پر مسلح افراد نے فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ سے ایک حملہ اور غلام جان ولد خادم حسین کو زخمی حالت میں پولیس نے گرفتار کر کے ٹی ٹی پسٹل گولیاں مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کر لیا جبکہ حملہ آور کے دوساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامےاب ہوگئے حملہ آور وں کی فائرنگ سے ایس ایچ او اور پولیس اہلکار محفوظ رہے۔ دریں اثناءخیبر ایجنسی کے علاقے راجگال میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک سکیورٹی اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ سکےورٹی ذرائع کے مطابق جمعہ کو سکےورٹی فورسز کے اہلکار آپریشن خیبر 4 کے دوران راجگال کے علاقے میں پیش قدمی کررہے تھے کہ اس دوران باردوی سرنگ کا زور دار دھماکہ ہوا جس کی زد میں آکر ایک اہلکار سپاہی محمد یاسر شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ شہید کے جسد خاکی اور زخمی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن خیبر 4 کامیابی سے جاری ہے۔ زمینی دستوں نے راجگال وادی کی اہم چوٹیوں پر چوکیاں قائم کر دیں جبکہ فوجی دستے پاک فوج کے انجینئرز کی مدد سے بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنا رہے ہیں۔ سپاہی محمد یاسر اسی طرح کی بارودی سرنگ ناکارہ بنانے کے دوران دھماکے سے شہید ہوا۔ شہید کی نمازجنازہ پشاور گیریژن میں گزشتہ شام ادا کی گئی۔ ادھر حب میں نامعلوم افراد نے لیویز اہلکار کو قتل کر دیا‘ اس کی نعش گھر سے برآمد ہوئی‘ پولیس کے مطابق قتل ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے۔ دریں اثنا نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں دہشت گردی کی حالیہ لہر میں نئے گروہ کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ حساس اداروں کے مطابق حالیہ دہشت گردی میں انصار الشریعہ نامی گروہ ملوث ہے۔ انصارالشریعہ اسامہ بن لادن اور ایمن الظواہری سے متاثر ہے۔ یہ گروہ القاعدہ کی طرز پر وجود میں آیا ہے۔ گروہ نے ابتدا میں داعش کی چھتری تلے کارروائیاں کیں‘ لیکن پھر اختلافات ہوگئے۔
کراچی فائرنگ