وزیراعظم پر الزام تو کیا خدشہ بھی ظاہر نہیں کیا گیا: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم پر الزام تو کیا خدشہ بھی ظاہر نہیں کیا گیا۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مخبر اور خفیہ ایجنسی بھی وزیراعظم پر ایک پیسے کی کرپشن تک ثابت نہیں کر سکی۔ عمران کو مبارک ہو وزیراعظم نے لواری ٹنل کا بھی افتتاح کر دیا ہے۔ دوران سماعت ریمارکس فیصلہ نہیں ہوتے۔ وزیراعظم اس احتساب میں بھی سرخرو ہونگے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے خاندان کو عدالت کے سامنے پیش کرکے ملک میں نئی روایت قائم کی، ہمیں یقین ہے اعلیٰ عدلیہ جو بھی فیصلہ کریگی وہ ملکی آئین و قانون کے مطابق ہو گا۔ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ بنی گالا میں جھوٹا تماشا لگا کر عوام کے دلوں اور ذہنوں پر کوئی اثر نہیں ڈالا جا سکتا، تماشے اور جھوٹ کے بازار کو ختم ہونا چاہئے۔ عوام تک حقیقت پر مبنی موقف پہنچانے کے لئے میڈیا نے اہم کردار ادا کیا ہے جس کو حکومت سراہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے استثنیٰ کا فائدہ نہیں اٹھایا اور نئی تاریخ رقم کی ہے۔ وزیراعظم نوازشریف پر ایک پائی کی بھی امانت میں خیانت، کرپشن اور کک بیک ثابت نہیں ہو سکی اور جے آئی ٹی اس کو ثابت نہیں کر سکی۔ جے آئی ٹی کی رپورٹ سے اگر خدشات کے الفاظ نکال دیئے جائیں تو کرپشن ثابت نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ثابت ہو گیا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ بدنیتی پر مبنی ہے۔ بنی گالا میں جھوٹا تماشا لگا کر عوام کے دلوں اور ذہنوں پر کوئی اثر نہیں ڈالا جا سکتا۔ اب اس تماشے اور جھوٹ کے بازار کو ختم ہونا چاہئے اور سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار ہونا چاہئے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار علی خان اپنی وزارت کی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کر رہے ہیں۔ چوہدری نثار مسلم لیگ (ن) کے سپاہی ہیں اور وزیراعظم کے قریبی ساتھیوں میں سے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے سپریم کورٹ کے ججوں پر کبھی اعتراض نہیں کیا۔ صرف جے آئی ٹی پر اعتراض کیا تھا جو ہمارا قانونی حق ہے۔
مریم اورنگزیب