• news

ورلڈ الیون کرکٹ ٹیم کیلئے پی سی بی کو تاحال سگنل نہیں ملا، دورہ مشکوک

لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پنجاب حکومت کی تمام تر توجہ پانامہ کیس کی طرف، ورلڈ الیون کرکٹ ٹیم کیلئے پی سی بی کو تاحال سگنل نہیں دیا گیا، دورہ مشکوک ہوگیا۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے کی جانیوالی کوششوں کو پانامہ کیس کی وجہ سے قدرے نقصان پہنچنا کا اندیشہ ہے۔ پی سی بی کے باوثوق ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے ابھی تک ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے حوالے سے نہ تو کوئی میٹنگ بلائی گئی اور نہ ہی کوئی پیش رفت ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت پنامہ کیس کی وجہ سے سیاسی مسائل میں الجھی ہوئی ہے جس کی وجہ سے وزیراعلیٰ پنجاب کی توجہ اس جانب نہیں ہے۔ ورلڈ الیون کرکٹ ٹیم کی ستمبر کے پہلے ہفتے تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کیلئے لاہور آمد متوقع ہے جس میں پانچ ہفتے کا وقت رہ گیا ہے لیکن صوبائی حکومت کی خاموشی اور پی سی بی کو سکیورٹی اور انتظامات کے حوالے سے جواب نہ دینے سے یہ عندیشہ بڑھ گیا ہے کہ شاید دورہ کھٹائی میں پڑ جائے۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق اگست کے پہلے ہفتے دوبارہ پنجاب حکومت سے رابطہ کیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن