• news

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کمشن کا اجلاس 27 جولائی کو ہوگا

لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) 33 ویں نیشنل گیمز میں کھیلوں کے ڈسپلن اور دیگر معاملات کو حتمی شکل دینے کیلئے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سپورٹس کمشن کا اجلاس 27 جولائی کو منعقد ہوگا۔ پی او اے ہاوس لاہور میں منعقد ہونے والے اجلاس کی صدارت سپورٹس کمیشن کے چیئرمین سید عاقل شاہ جو کے پی اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر بھی ہیں کرینگے۔ اجلاس میں سابقہ 28 اگست 2016ء کو ہونے والے اجلاس کے منٹس کی منظوری کے ساتھ ساتھ نیشنل گیمز 2017ء کے لیے کھلاڑیوں کے تبادلوں کے قوانین کو حتمی شکل دی جائے گی۔ اس موقع پر 33 ویں نیشنل گیمز کے ڈسپلن اور انکے ایونٹس کو حتمی شکل دی جائے گی۔ اجلاس میں بین الصوبائی گیمز، نیشنل بیچ گیمز اور نیشنل یوتھ گیمز کے حوالے سے بھی قوانین بنائے جائیں گے۔ پی او اے سپورٹس کمیشن کی جانب سے اجلاس میں شرکت کے لیے متعلقہ افراد کو دعوت نامے جاری کر دیئے ہیں۔ نیشنل گیمز کے میزبان صوبے کی اولمپک ایسوسی ایشن کے نمائندوں کو بھی دعوت دی گئی ہے کہ وہ اس اجلاس میں ضرورت شریک ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن