• news

دریائے چناب میں طغیانی، جھنگ کے درجنوں گاﺅں زیرآب، فصلیں تباہ

جھنگ+ پشاور (نامہ نگار+این این آئی) دریائے چناب میں طغیانی درجنوں گاﺅں زیر آب آگئے، سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی ۔دریائے چناب میں طغیانی کے باعث چک کچا، موضع کھولڑہ، موضع جھانگی، بنڈی بلیانہ سمیت درجنوں دیہات زیرآب آگئے۔ متاثرہ علاقوں کے رہائشی گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ۔کچھ لوگ اپنی مدد آپکے تحت نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے۔سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں جس میں سبزیات، دھان، چارہ اور دیگر چھوٹی فصلیں تباہ ہوگئی۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ انہیں اس بارے آگاہ نہیں کیا گیا نہ ہی ابھی تک متاثرین کیلئے امدادی کیمپ لگایا گیا ہے، کسی بھی ایمر جنسی کی صورت میں علاقہ مکینوں کو اپنی مدد آپ کے تحت نکلنا ہوگا۔ متاثرین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کیلئے امدادی کاروائیا ں شروع کی جائیں۔ دوسری طرف دریائے کابل میں ورسک اور نوشہرہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کااخراج باالترتیب34385 اور 46200 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ دریائے سندھ میں اٹک/خیرآباد، دریائے سوات میں چکدرہ، دریائے شاہ عالم میں تخت آباد میں بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا اخراج بالترتیب 286360، 26850 اور 3568 کیوسک ریکارڈ کیا گیا جبکہ صوبے کے دیگر دریا معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن