ترکی اور یونان میں شدید زلزلہ ، 2 افراد ہلاک سینکڑوں زخمی
ایتھنز/ انقرہ/ اسلام آباد (اے ایف پی + صباح نیوز) یونان اور ترکی کے درمیان موجودہ بحیرہ ایجین میں 6.7 شدت کے زلزلے نے سمندر میں واقع جزائر میں تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں زخمی ہو گئے۔ زلزلے کا مرکز بحیرہ ایجین سے متصل ترک تفریحی مقام بوڈرم سے 10.3 کلومیٹر جنوب جبکہ یونانی جزیزہ کوس سے 16.2 کلومیٹر مشرق میں تھا۔ یونانی پولیس حکام نے کہا کہ اب تک ایک سوئیڈش اور ایک ترک باشندہ ہلاک ہو چکا ہے۔ زلزلے سے کئی مقامات پر عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ مختلف مقامات پر سیلابی صورتحال کا سامنا رہا۔ زلزلے کے بعد کوس کی بندرگاہ بند کر دی گئی۔ یونان کے روڈز آئی لینڈ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جبکہ مخصوص علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی منقطع ہو گئی۔ دونوں ممالک میں ساحلی علاقوں اور جزائر پر رہنے والوں کیلئے سونامی وارننگ بھی جاری کر دی گئی ہے۔ ترکی کی مشہور تفریح گاہ بوڈرم کے ہسپتال کی دیواروں میں زلزلے کے باعث دراڑیں آجانے کی وجہ سے اسے خالی کرا لیا گیا جبکہ ہسپتال میں موجود مریضوں اور زلزلے کے دوران زخمی ہونے والوں کو ہسپتال کے باغیچے میں طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ حکومت پاکستان اور عوام نے ترکی میں زلزلے سے زخمیوں اور مالی نقصان پر اظہار ہمدردی کیا ہے۔