خواجہ آصف اور ایاز صادق وزارت عظمیٰ کے مضبوط امیدوار ہیں : شیخ رشید
اسلام آباد (آن لائن) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ خواجہ آصف اور ایاز صادق وزارت عظمیٰ کے مضبوط امیدوار ہیں۔ چوہدری نثار میں اتنی ہمت نہیں کہ پارٹی چھوڑ سکیں ۔ شیخ رشید احمد نے ہفتے کو میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پانامہ کیس کا فیصلہ محفوظ کئے جانے کے بعد نواز شریف کی نااہلی کے کافی امکانات پیدا ہوگئے جس کے بعد اب وزارت عظمیٰ کے لئے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وفاقی وزیر پانی و بجلی و دفاع خواجہ آصف ہی مضبوط امیدوار ہیں تاہم عدالت عظمیٰ کا فیصلہ آنے تک انتظار کرینگے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ چوہدری نثار کے نواز شریف و دیگر کے ساتھ اختلافات ہوں گے لیکن ان اختلافات کو اتنا سنجیدہ نہیں لینا چاہیے کیونکہ چوہدری نثار میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ پارٹی چھوڑ سکیں وہ پارٹی میں رہیں گے تاہم نئی کابینہ کی صورت میں وہ اس کا حصہ نہیں ہونگے۔