ظفر حجازی ایک ایماندار اور صاحب کردار افسر کی شناخت رکھتے ہیں
اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ) ریکارڈ ٹمپرنگ کے الزام میں گرفتار ہونے والے ایس ای سی پی کے چیئرمین ظفر حجازی ایک ایماندار اور صاحب کردار افسر کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں۔ ظفر حجازی مایہ ناز صحافی اور ناول نگار نسیم حجازی کے بھانجے ہیں ان کا خاندان صحافت کا پس منظر رکھتا ہے پیشہ کے اعتبار سے وہ چارٹرڈ اکاو¿نٹنٹ اور ایک بہترین پروفیشنل کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ ظفر حجازی ایک روزنامہ ”محاسب“ کے چیف ایڈیٹر بھی رہے ہیں۔ وہ ایک محب وطن شخص ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ان کی وابستگی ایک حقیقت ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ان کی طویل عرصہ کی رفاقت ہے۔ دونوں چارٹرڈ اکاو¿نٹنٹس ہیں دونوں نے اکٹھے کام بھی کیا۔ ظفر حجازی 1997سے 1999ءتک ایس ای سی پی کے کمشنر بھی رہے ہیں۔ وہ گردوں کے مرض میں طویل عرصہ سے مبتلا ہیں۔ ریکارڈ ٹمپرنگ کے الزام میں ان کی گرفتاری کو صحافتی اور پروفیشنل حلقوں میں تشویش کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے ۔
ظفر حجازی/ شناخت