• news

عمران کو اب ریکارڈ نہیں مل رہا‘ نوازشریف کی طرح والد اور نسلوں کا حساب دیں : خواجہ آصف

سیالکوٹ (نامہ نگار+ نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر دفاع اور پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عمران خان ڈبل شاہ ہے اسکو لوگوں سے لئے گئے فنڈز کا حساب دینا ہو گا۔ وزیراعظم میاں نوازشریف پر کرپشن اور مس یوز آف پاور کا کوئی الزام نہیں۔ شیخ رشید سیاسی رنگ باز ہے وہ جو کہہ رہا ہوتا ہے اس میں کوئی صداقت نہیں ہوتی۔ سی پیک کا معاشی انقلاب آرہا ہے بہت بین الاقوامی قوتوں کو یہ قبول نہیں۔ پاکستان کی ترقی کو روکنے کیلئے جو لوگ سامنے ہیں انکو کٹھ پتلیاں نہ کہیں تو اور کیا کہیں۔ ہم ایک سیاسی پارٹی ہےں اور اس میں اختلافات بھی ہوتے ہیں۔ کسی کا کسی سے اختلاف ہونا اچھی بات ہے اور یہی جمہوریت کا حسن ہے۔ میاں نوازشریف کسی قسم کے پریشر میں نہےں۔ وہ بہت کڑے امتحانات سے گزرے ہیں۔ ہم فیصلے کا انتظار کررہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے اللہ کسی سیاسی پارٹی کے ساتھ نہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) ادریس باجوہ، رکن پنجاب اسمبلی چوہدری محمد اکرام اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص جو تین بار وزیراعظم رہا ہو، دو بار وزیراعلیٰ رہا ہو اور ایک بار فنانس منسٹر رہا ہو۔ 80ئ، 81ءسے لیکر آج 2017ءتک سیاست میں ہو۔ پاکستان میں جو تاریخ ہے ہماری، اس ماحول میں عدالت عظمیٰ کا یہ کہنا اور سرٹیفکیٹ دینا بڑی قابل تحسین بات ہے کہ وزیراعظم پر کرپشن کا الزام نہیں۔ ہمارے مخالفین نے کردار کشی کی انتہا کر دی لیکن سرکاری خزانہ یا عہدے کے غلط استعمال کا نہ کوئی الزام لگا۔ عدالت عظمیٰ نے بھی اس بات کا اعتراف کیا کہ میاں صاحب کے خلاف اس قسم کا کوئی الزام نہیں۔ دو دفعہ پہلے سپریم کورٹ کے سامنے جب جمالی صاحب سپریم کورٹ کے سامنے ، پھر دوسرا بنچ بنا پھر جے آئی ٹی بنی پھر تیسری دفعہ ہم پیش ہوئے۔ اب عمران کی تلاشی کی باری آئی ہے وہ مُکر گئے اور کہنے لگ گئے میرے پاس ریکارڈ نہیں ۔ تقریباً دو دہائیوں کا حساب انکے پاس نہیں ہے وہ کہتے ہیں جو میں نے کاو¿نٹی کرکٹ کھیلی اس کا ریکارڈ نہیں ہے۔ اب تلاشی شروع ہوئی ہے تو میاں محمد نواز شریف کی طرح عمران خان بھی اپنے والد کا حساب دیں جو روایت میاں محمد نوازشریف نے ڈالی ہے اس روایت کا پاس کریں اور تقلید کریں۔ جہانگیر خان ترین صاحب بھی اپنے والد کا حساب دیں۔ میرا خیال ہے کہ یہ روایت تمام سیاستدانوں کو فالو کرنی چاہئے۔ مجھ سے بھی میرے والد صاحب کا حساب لے لیں۔ مجھ سے مشرف کے وقت نیب نے حساب لیا تھا پھر لے لیں۔ یہ ضروری ہے کہ جو لوگ حساب لگاتے ہیں اگر ان کے دامن پر دھبے ہوں تو وہ ان دھبوں کو بھی واضح کریں۔ سیاست کے تقاضے ہیں کہ جو روایات ہم نے قائم کی ہیں۔ یہ کس طرح ممکن ہوتا ہے کہ مطلقہ بیویاں وہ بھی آپکو لاکھوں کروڑوں روپے دیتی ہیں۔ بنی گالہ محل تین چار سو کنال میں ہے اسکا بھی بتائیں۔ میرے خلاف 10 ارب روپے کا ہر جانے کا دعوے کر رکھا ہے آج اس کی تاریخ تھی وہ کئی تاریخوں سے پیش نہیں ہوا ہے اور علامہ اقبال کے پوتے کو اس میں وکیل کر رکھا ہے۔ ان سے یہ بھی حساب مانگا جائیگا کہ شوکت خانم اور نمل میں ڈونیشنیں کون لوگ دیتے ہیں، کیا یہ ادارے منی لانڈرنگ کےلئے تو استعمال نہیں ہو رہے۔ ان لوگوں کی تفصیل ہونی چاہئے کہ یہ پیسہ کہاں سے آرہا ہے اور کہاں خرچ ہو رہا ہے۔ یہ پیسہ باہر کیوں چلا جاتا ہے اور واپس کس طرح آجاتا ہے۔ اسکی تفصیل مہیا کی جائے۔ سیاسی پارٹی کو فارن ڈونیشن کس طرح ملتی ہے۔ اب منی ٹریل ان لوگوں نے ثابت کرنا ہے ۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ اگر انہیں یہ سب کچھ ورثہ میں ملا ہے تو اپنے والد کا حساب دیں۔ سیاست ایک بے رحم پیشہ ہے لوگ حساب دینے کیلئے یہاں کپڑے اتار لیتے ہیںاس لئے یہ کسی نمل یا شوکت خانم ہسپتال کے پیچھے نہ چھپے اور نہ ہم اسے چھپنے دیں گے۔ ہم اپنے ووٹروں اور اپنی قوم کو حساب دینا جانتے ہیں کیونکہ عوام حساب لینے کا حق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف کی نااہلی کا آپشن زیرغور ہے نہ نیا وزیراعظم آئے گا۔ نوازشریف سرخرو ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ زکٰوة کے 7ملین ڈالر مسقط فرانس میں انویسٹ کئے اس کا بھی حساب مانگا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ صرف شیخ رشید نہیں سیاست میں سب رنگ بازی کرتے ہیں میرا کٹھ پتلیوں کا بیان کسی کے لئے نہیں صرف سیاسی بیان تھا۔ عمران کا احتساب اور تلاشی ابھی شروع ہوئی ہے وہ منی ٹریل دینے سے مکر گیا ہے۔ عمران کا پورا پیچھا کریں گے تلاشی سے بھاگنے نہیں دیں گے۔ میاں محمد نوازشریف اپنے بچوں کی بے نامی کمپنیوں کا حساب دے رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر میاں نوازشریف کا نام نہیں پھر بھی وہ حساب دے رہے ہیں اور عمران خان براہ راست اپنی کمائی ہوئی دولت کا حساب دینے سے قاصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں۔ انہوں نے کہاکہ میاں محمد نوازشریف کا ووٹر گذشتہ 30 سالوں سے میاں نوازشریف کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کبھی لوٹا نہیں ہوتی جب بھی لوٹا بنتا ہے تو وہ لیڈر بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت بتائے گا کون وفادار تھا۔ انہوں نے وفای لیول کی جماعت پیپلزپارٹی کا ایک صوبے تک محدود ہونا باعث افسوس ہے اس کیلئے زرداری کو سوچنا ہو گا۔ آئی این پی کے مطابق انہوں نے کہاکہ عمران اپنی لندن میں نسل کا بھی حساب دیں۔ وزیر دفاع پریس کانفرنس میں ہیں۔ وزیر داخلہ کے پارٹی اور وزارت چھوڑنے سے متعلق سوال پر ان کا نام لئے بغیر کہا کہ جس طرح وزیراعظم نوازشریف کی جگہ نیا وزیراعظم لانے کی باتیں مفروضے پر مبنی ہیں اسی طرح نثار کے پارٹی اور وزارت چھوڑنے کی باتیں بھی بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جمہوریت میں اختلاف رائے کا حق سب کو ہوتا ہے اور یہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے۔ دریں اثناءوزیراعظم میاں نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کی نامکمل منی ٹریل ہے۔ مریم نے عمران کے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب پر سوشل میڈیا میں دئیے گئے بیان میں عمران خان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ہے کہ تم دوسروں کے خلاف سازشوں میں مصروف تھے۔ دوسرے کے عیب تلاش کرتے کرتے تمہارے اپنے عیب سامنے آ گئے‘ تم نے گہرا راز چھپا رکھا تھا‘ وہ سب کے سامنے آ گیا‘ اللہ کا اپنا راستہ ہے‘ اپنے طریقے ہیں۔
خواجہ آصف/ مریم

ای پیپر-دی نیشن