مشعال ملک کا کتاب دوست بلوچستان تحریک میں عملی حصہ لینے کا اعلان
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ، نیشنل یوتھ اسمبلی اور حریت لیڈر یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کتاب دوست بلوچستان تحریک میں عملی طور پر حصہ لینے کا اعلان کر دیا ۔انہوں نے یہ اعلان مذکورہ تحریک کے بانی لیڈر، چیئرمین بلوچستان پیش فورم و سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی سے الگ الگ ملاقوں میں کیا ۔ ہفتہ کو یہاں اسلام آباد کچہری میںاسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی کو مدعو کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حاجی لشکری رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان کی پسماندگی ، غم و غصہ دور کرنے اور ماضی کی غلطیوں کا ازلہ کرنے کیلئے بلوچستان کے طلبہ و طالبات کیلئے کتب کا تحفہ بھجیں ، آپکی طرف سے کتب کے تحائف بلوچستان کے تعلیمی اداروں کی لیبائریوں کو دیئے جائیں گے جس سے لاکھوں طلبہ استعفادہ کر سکیں گے اور انہیں زیوار تعلیم سے آراستہ کرنے میں آپ کا بھی حصہ ہوگا اور یہ تحریک مکمل طور پر غیر سیاسی ہے۔ سابق صدر اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن چوہدری اشرف گجر نے کہا ہے کہ ہمارے لئے نہایت خوشی کی بات ہے کہ ایک بلوچ سردار بلوچستان کے بچوں کو زیوار تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے ملک بھر میں کتب جمع کرنے کیلئے نکلا ہے ہم ان کا بھرپور ساتھ دینگے ۔ صدر اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نوید ملک نے کہا کہ ہم اس تحریک میں اپنا بھرپور کردارکریں گے اور اس کیلئے اسلام آباد کچہری و اسلام آباد ہائیکورٹ میں بار کے دفاتر میں باقائدہ کتب دوست بلوچستان کیمپ لگا کر وکلا برادری سے کتابیں جمع کریں گے اور میری اپیل ہے کہ بلوچستان کے بچوں کیلئے ہر وکیل کم ازکم ایک کتاب کا تحفہ ضرور دے ۔ تقریب سے بار کے نائب صدر ملک شکیل اعوان اور جنرل سیکرٹری چوہدری محمد نصیر نے بھی خطاب کیا ۔ دریں اثنا حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک اور انکی والدہ ریحانہ ملک کی دعوت پر حاجی لشکری رئیسانی ملاقات کیلئے انکے گھر گئے اور انہیں کتاب دوست بلوچستان تحریک میں شامل ہونے کی دعوت دی جسے قبول کرتے ہوئے مشعال ملک اور ریحانہ ملک نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا اہم حصہ ہے اور اس نیک مقصد کیلئے ہم بھرپور مہم چلا کر بلوچستان کے بچوں کیلئے کتب کے تحائف جمع کریں گے ۔ نیشنل یوتھ اسمبلی پاکستان کے صدر حنان علی عباسی نے نمائندہ وفد کے ہمراہ حاجی لشکری رئیسانی سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ ملک بھر میں ہمارے 80ہزار سے زائد ممبران کتاب دوست بلوچستان تحریک کا حصہ بننے گے اور بلوچستان کے طلبہ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ، اس موقع پر حاجی لشکری رئیسانی نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان اس تحریک میں نئی روح پھونک سکتے ہیں ۔