• news

بلوچستان حکومت نے روس سے ’’ایم آئی 171 ای‘‘ ہیلی کاپٹر حاصل کر لیا

کوئٹہ (نیٹ نیوز) بلوچستان حکومت نے روس سے ’ایم آئی 171 ای‘ غیر جنگی ہیلی کاپٹر حاصل کر لیا۔ روسی خبر رساں ایجنسی ’طاس‘ کی رپورٹ کے مطابق ’ایم آئی 171 ای‘ شہری استعمال کا ہیلی کاپٹر ہے جو فوجی ہیلی کاپٹر ’ایم آئی 17‘ سے جو مختلف ہے اور جسے پاک فوج پہلے ہی استعمال کر رہی ہے۔ ایم آئی 171 ہیلی کاپٹر اپنے قابل اعتماد اور تمام موسموں میں استعمال کے قابل ہونے کی وجہ سے دنیا بھر میں بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے اور بلوچستان حکومت اسے سامان کی ترسیل یا مسافروں کی منتقلی اور ایمرجنسی کی صورتحال میں استعمال کر سکتی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بلوچستان حکومت اور روسی ہیلی کاپٹرز کے درمیان ایک کروڑ 52 لاکھ ڈالر مالیت کے اس ہیلی کاپٹر کا جنوری 2017 میں معاہدہ ہوا تھا۔ ہیلی کاپٹر کے کیبن میں ایک وقت میں 27 مسافروں اور 4 ٹن سامان کی گنجائش موجود ہے، جبکہ اس میں ہنگامی صورتحال میں پیراٹروپرز اور ریسکیو اہلکاروں کی جلد لینڈنگ کے لیے تین اضافی پوائنٹس بھی موجود ہیں۔ واضح رہے کہ روسی ہیلی کاپٹر کمپنی اس سے قبل ’ایم آئی 171 ای‘ ہیلی کاپٹر چین سمیت کئی ممالک کو فروخت کرچکی ہے۔ یہ پاکستان کو فروخت کیا جانے والا دوسرا ایم آئی 171 ای ہیلی کاپٹر ہے۔ پنجاب حکومت نے چند ماہ قبل اس ہیلی کاپٹر کا یہی ماڈل حاصل کیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن