لاہور: چالان ہونے پر ڈرائیور نے احتجاجاً رکشہ کو آگ لگا دی
لاہور(آئی این پی ) ٹریفک پولیس کے غلط چالان کاٹنے پر رکشہ ڈرائیور نے احتجاج کرتے ہوئے رکشے کو نذر آتش کردیا۔تفصیلات کے مطابق جی پی او چوک میں غریب رکشہ ڈرائیور نے ٹریفک پولیس کی زیادتیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اپنے رکشہ کو آگ لگادی اور سڑک پر لیٹ کر احتجاج کیا جس کے نتیجے میں ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطار لگ گئی۔ پولیس نے آکر کارروائی کرتے ہوئے رکشہ ڈرائیور کو سڑک کے بیچ سے اٹھایا اور جلے ہوئے رکشے کو کنارے پر کیا۔رکشہ ڈرائیور نے بتایا کہ کاغذات پورے ہونے کے باوجود ٹریفک پولیس نے چالان کاٹ دیا۔ صبح سویرے روزی روٹی کے لیے نکلتے ہیں لیکن کچھ کمانے سے پہلے ہی چالان کٹ جاتا ہے۔ ٹریفک پولیس اہلکار شکار کی تلاش میں گھات لگا کر کھڑے ہوتے ہیں اور کتنی منتیں کرو لیکن ایک نہیں سنتے۔ جتنا کماتے نہیں اس سے زیادہ کا چالان بھرنا پڑتا ہے۔ آئے روز کی زیادتیوں سے تنگ آکر رکشے کو ہی جلادیا۔