مسلم حکمران فلسطین پر اسرائیل جارحیت کے خاتمہ کیلئے کردار ادا کریں: عبدالرحمن مکی
لاہور ( سپیشل رپورٹر) دفاع پاکستان کونسل اور جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا ہے کہ قبلہ اوّل بیت المقدس اور مظلوم فلسطینی مسلمانوں کو غاصب اسرائیل سے آزادی دلوانا پوری مسلم اُمہ پر فرض ہے۔ مسلم حکمران فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کے خاتمہ کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔ اس مسئلے کو او آئی سی اور سلامتی کونسل سمیت ہر فورم پر اٹھانے کی ضرورت ہے۔بھارت کشمیر اور اسرائیل فلسطین میں نہتے مسلمانوں کیخلاف مہلک ہتھیار استعمال کررہا ہے۔ حکومت کشمیر کے حوالے سے سردمہری کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ کشمیر میں جاری بدترین مظالم اور ریاستی دہشت گردی کیخلاف بین الاقوامی سطح پر مضبوط آواز بلند نہیں کی گئی۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے قائداعظم ہال ڈسٹر کٹ و کلاء بار میں کشمیر کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پررانا ذوالفقارنائب صدر ڈسٹر کٹ بار، چوہدری دلبر حمید بل ایڈووکیٹ، میاں مہران طاہر سیکرٹری بار ، توقیر سرور شیخ سابق سیکرٹری بار،میاں سلمان احسان، مس شمیم خٹک سابق سیکرٹری بار،میاں جمیل، رانا عبدالمجید، میاں انوارالحق ،رانا ذوالفقار ، چوہدری ارشاد علی سمیت وکلا ء کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ کانفرنس سے جماعۃالدعوۃ فیصل آباد کے مسئول فیاض احمد نے بھی خطاب کیا۔ حافظ عبدالرحمن مکی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سلامتی کونسل اور ایمنسٹی انٹرنیشنل جیسی حقوق انسانی کی تنظیمیں فلسطینی مسلمانوں پر بدترین ظلم و ستم پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں، فلسطینی مسلمان ہمارے بھائی ہیں۔ اسرائیلی جارحیت صرف فلسطین تک محدود نہیں اس کے انسٹرکٹرز کشمیر میں بھی بھارتی فوج کو تحریک آزادی کشمیر کچلنے کی تربیت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیرمیں جاری مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے کنٹرول لائن پر آئے دن فائرنگ کر رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ حافظ محمد سعید کو حکومت نے نظربند کیا پھر سید صلاح الدین کو امریکہ نے دہشت گرد قرار دے دیا، یہ تحریک آزادی کشمیر کو کمزور کرنے کی سازش ہے۔