ٹمپرنگ کے ماہر شریف برادران باقر نجفی رپورٹ بدل سکتے ہیں: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ’’ ٹمپرنگ‘‘ کے ماہر شریف برادران باقر نجفی کمشن رپورٹ بدل سکتے ہیں۔ انصاف کیلئے ماڈل ٹائون کمیشن رپورٹ کا اصلی حالت میں پبلک ہونا ناگزیر ہے۔بالآخر وزیر اعظم نے اعتراف کر لیا وہ کہیں اور بھی نوکری کرتے رہے۔ پانامہ جے آئی ٹی رپورٹ بطور کیس سٹڈی کریمنالوجی نصاب میں شامل کی جائے ۔حکمران خاندان کی منی ٹریل سے کامیڈی ٹاک شوز کو شاندار مزاحیہ مواد ملا ۔وہ گزشتہ روز عوامی لائرز کے رہنمائوں سے ٹیلی فون پر گفتگو کر رہے تھے۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے ذمہ داروں کوعبرت ناک سزائیں دی جائیں تاکہ آئندہ کوئی اقتدار کے نشے میں مست بد عنوان حکمران بے گناہوں کے قتل عام کی جرات نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہدائے ماڈل ٹائون کے انصاف بشکل قصاص کیلئے تین سال سے قانونی جنگ لڑرہے ہیں اور شریف برادران اور انکے حواریوں کے خلاف عدالت کے حکم اور سابق آرمی چیف کی مداخلت پر درج ہونیوالی ایف آئی آر پر پہرہ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء کو انصاف دلوانے کے حوالے سے پہلی سیڑھی ہے ۔معزز ججز اس اقبالی بیان کو کس نظر سے دیکھتے ہیں یہ انکا آئینی اور قانونی دائرہ اختیار ہے ۔سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ پانامہ کیس میں جہاں 35سال تک پاکستان کی تقدیر کے سیاہ و سفید کا مالک بنے رہنے والے خاندان کی دیانت اور امانت کا پردہ چاک ہوا ۔