• news

کشمیریوں کے خون سے بے وفائی کے سبب حکومت مشکلات سے دوچار ہے: عبدالرحمن مکی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعۃ الدعوۃ شعبہ سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمان مکی نے کہا ہے کہ جنت ارضی کشمیر پر غاصب بھارت کا کوئی حق نہیں۔ بھارت مسئلہ کشمیر خود اقوام متحدہ لیکر گیا لیکن اس کی قراردادوں پر آج تک عمل نہیں کیا۔ مسلمان اپنے مسائل کے حل کے لئے بیرونی قوتوں اور اداروں کے سامنے ہاتھ پھیلانا چھوڑ دیں۔ ہمارے حکمران بھارتی ایماء پر حافظ محمد سعید کو نظربند کر کے ثابت کررہے ہیں کہ وہ مودی سرکار کی یاری میں اندھے ہو گئے ہیں۔ حکمرانوں کی کمزور پالیسیوںسے فائدہ اٹھا کر بھارت سرکار سرحدی حدود کی خلاف ورزیاں کر رہی ہے۔ مرکز القادسیہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ اقبال چوک ریلوے روڈ سیالکوٹ میں منعقدہ شہداء کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس سے ابو احمد، مولانا رمضان منظور،محمد آصف و دیگر نے بھی خطاب کیا۔کانفرنس میں شہر و گردونواح سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مقررین کے خطابات کے دوران زبردست جذباتی ماحول دیکھنے میں آیا،شرکاء کشمیریوں سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ،کشمیر بنے گا پاکستان،حافظ محمد سعید کو رہا کرو،کشمیر کی آزادی تک جنگ رہے گی جنگ رہے گی و دیگر نعرے لگاتے رہے۔حافظ عبدالرحمان مکی نے کہا کہ ہندوستان پستی کی طرف جا رہا ہے اور پاکستان ترقی کی طرف جا رہا ہے ۔پاکستان کے سیاستدانوں سے کہتے ہیں کہ کشمیریوں کی تحریک کی کھل کر مدد وحمایت کریں۔ کشمیری شہداء کی قربانیاں تحریک آزادی کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ کشمیریوں کے خون سے بے وفائی کے سبب موجودہ حکومت مشکلات سے دوچار ہے۔ نہتے کشمیریوں کیخلاف کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال پر خاموشی اختیا رکرنا درست نہیں۔ بین الاقوامی سطح پر انڈیا کی دہشت گردی اور ظلم و بربریت کو بے نقاب کیا جائے۔ انہوںنے کہاکہ کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنے پر حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کو نظربند کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ آج ہم حافظ محمد سعید کا پیغام‘ کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیر کے ہر گلی کوچے میں پہنچا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن