ارکان کانگریس روس کے خلاف نئی پابندیاں لگانے‘ ٹرمپ کے اختیرات محدود کرنے کا بل لانے پر رضامند
نیویارک (بی بی سی+ صباح نیوز) امریکی کانگریس میں دونوں جماعتوں کے رہنما صدارتی انتخابات میں روس کی مبینہ مداخلت پر اس کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے کے لئے قانون سازی (بل) لانے پر رضامند ہو گئے ہیں۔ نئے قانون کے تحت روس پر سے پابندیاں اٹھانے کے حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اختیارات بہت محدود ہو جائیں گے۔ صدر ٹرمپ کی صدارت میں روس کی جانب سے امریکی انتخاب میں مبینہ مداخلت کا بہت شور برپا ہے۔ تاہم ماسکو کی جانب سے مداخلت کے الزام کو رد کیا جا رہا ہے۔ نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کا مطلب یہ ہے کہ کانگریس روس کے خلاف سخت گیر موقف اپنائے گی چاہے صدر ٹرمپ کا جو بھی موقف ہو۔ اگرچہ اس بل کو صدر ٹرمپ ویٹو کر سکتے ہیں لیکن ایسا کرنے کا مطلب یہ اشارے دینا ہے کہ وہ روس کے بہت زیادہ حامی ہیں۔ لیکن اگر وہ اس بل کو ویٹو نہیں کرتے تو وہ اس بل کی منظوری دیں گے جس کے خلاف ان کی انتظامیہ ہے۔ سینٹ کی فارن ریلیشنز کمیٹی میں ڈیموکریٹ جماعت کے سینئر ترین رہنما سینیٹر بین کارڈن کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتیں شدید بحث کے بعد اس بل پر متفق ہوئیں۔ 'متفق کانگریس امریکی صدر کو عوام اور اتحادیوں کی جانب سے یہ واضح پیغام دینا چاہتی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ صدر ٹرمپ یہ پیغام آگے پہنچائیں۔