مقبوضہ کشمیر: کپواڑہ میں نوجوان شہید‘ بھارتی فوجیوں کا تھانے پر دھاوا
سرینگر(اے این این+ آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں سونہ مرگ ناکے پرروکنے کی پاداش میں بھارتی فوجیوں کا کیپٹن کی قیادت میں تھانے پر حملہ ،ایک افسر سمیت 8اہلکاروں کی درگت بنا دی،ریکارڈ نذر آتش،سامان تہس نہس،گاڑیوں کی توڑ پھوڑ،پولیس نے مقدمہ درج کر لیا، زخمی اہلکار ہسپتال منتقل کر دیئے۔ بھارتی فوج نے کیواڑہ میں ایک اور نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا۔ پولیس کے مطابق فوجی اہلکار وں کے تشدد سے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹرغلام رسول سمیت2اہلکاروں کوشدید چوٹیں آئیں۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ جب سادہ لباس میں ملبوس فوجی اہلکاروں کو پولیس سٹیشن کے اندر لایا گیا تو کچھ ہی دیر بعد فوجی اہلکاروں نے نزدیکی فوجی کیمپوں سے مزید کمک طلب کر لی۔ ادھر حریت کانفرنس (ع) نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اصل میں جموںوکشمیرمیں فوج اور فورسز کی حکمرانی ہے۔ دریں اثناء سابق وزیراعلی عمرعبداللہ نے ٹوئیٹر پر واقعہ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی او ر معاملے کی فوری وضاحت ہونی چاہئے کہ ایساواقعہ رونما کیوں ہوا؟۔ دختران ملت نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں گاندربل میںپولیس اہلکاروں کی بہیمانہ مارپیٹ پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ یہ واقعہ کشمیری پولیس کیلئے چشم کشا ہونا چاہئے۔ جنرل سیکرٹری ناہیدہ نسرین نے بیان میں کہا کہ بھارت جموںوکشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو برقرار رکھنے کے لیے یہاں کے کچھ سیاست دانوں، بیروکریٹس اور کشمیر پولیس کو استعمال کرتا آیا ہے۔ ادھر ضلع پلوامہ کے علاقے آری ہل میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں پتھرائو کے الزام پر 9 نوجوانوں کی گرفتاری کے خلاف مظاہرے کئے گئے۔ فون نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا مظاہرین اور بھارتی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہو گئیں۔ دریں اثنا کشمیر میں جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک کو25جولائی تک عدالتی ریمانڈ پر سینٹرل جیل سرینگر منتقل کیا گیا۔