مقامی حکومتوں کیلئے جلد ریگولر فنانس کمشن ایوارڈ کا اعلان کر دینگے: منشاء بٹ
لاہور (پ ر) صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ بھر میںتمام بلدیاتی نمائندگان کی تربیت و آگاہی بارے مختلف ورکشاپوں کا انعقاد مرحلہ وار جاری رہے گا۔ جرمن کے تعاون سے صوبہ بھر کے 9 ڈویژن میں تمام بلدیاتی عہدیداران کی تربیتی ورکشاپوں کا پروگرام بھی مرتب کر لیا گیا ہے۔جس کے بعد بلدیاتی نمائندگان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر عوام کی خدمت کو عبادت سمجھ کر بہترین طریقہ سے ادا کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب گورنمنٹ ایکٹ 2013ء کے تحت رواں سال کے شروع میں انتخا بات کا عمل پایہ تکمیل تک پہنچا۔جس سے 58ہزار سے زائد منتخب نمائندوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پنجاب کے اندر ایک میٹرو پولیٹین کارپوریشن، 11میونسپل کارپوریشنز،182میونسپل کمیٹی،35ڈسٹرکٹ کونسل اور4015 یونین کونسلز 5 سال تک کے لئے اپنے فرائض سر انجام دیں گے۔یہ مقامی طرز حکمرانی کی فراہمی اور شفاف فیصلہ سازی کی راہ میں آگے بڑھنے کے لئے ایک اچھا قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوری اور مئوثر آغاز کے لئے عبوری پنجاب فنانس کمیشن ایورڈ کے ذریعے نئی مقامی حکومتوں کے لئے فنڈز فراہم کئے گئے۔ اب پنجاب میں فنانس کمیشن کی تشکیل کے بعد کام کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے اور جلد ہی ریگولر فنانس کمیشن ایوارڈ کا اعلان بھی کر دیا جائے گا۔