• news

برآمدات بڑھانے کیلئے موثر حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے: میاں کاشف

لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان فرنیچر کونسل نے ملک میں برآمدات کے فروغ کیلئے محصولات میں اصلاحات ، زیادہ بیرونی منڈیوں کی تلاش اور برآمدی اہداف کے حصول کیلئے جامع اورموثر حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔ پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے کونسل کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ملکی برآمدات میں اضافے ، مقامی تیارکنندگان کے ساتھ تعاون اوردرآمدی بل میں کمی کیلئے حکومت سے جامع اقدامات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس کے نتیجہ میں صنعتوں کو فروغ ملے گا جبکہ ملکی برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ہاتھ سے بنائے جانے والے فرنیچر کی صنعت کومراعات دینے کے نتیجہ میں ملکی ، علاقائی اور بین الاقوامی مارکیٹوں میں ہم اپنی جگہ بنا سکتے ہیں، پاکستان میں کئی ایسی کمپنیاں ہیں جو ہاتھ سے بنائے اعلیٰ معیار کی فرنیچر مصنوعات تیار کررہی ہیں، ضرورت اس امرکی ہے کہ حکومت ان غیرضروری مصنوعات کی درآمد پر پابندی عائد کرے جو پہلے سے ہی ملک میںموجود ہیں، کوئی بھی حکومت درآمدات پرمکمل پابندیاں نہیں لگا سکتی تاہم ایسی حکمت عملی ضرورمرتب ہوسکتی ہے کہ جس کے تحت غیرضروری اور وہ اشیاء جو پاکستان میں کافی مقدار میں موجود ہیں پردرآمدی پابندیاں عائد کی جاسکیں،اس ضمن میں درآمدی پابندی پرمبنی فہرست میں توسیع کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن