بھارت عقل کے ناخن لے
مکرمی! مودی حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے کشمیریوں کو ان کی منزل سے دور نہیں کر سکتے۔ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لئے جہد مسلسل کر رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اس جدوجہد کو دہشت گردی سے نہیں جوڑا جا سکتا۔ پاکستان مسئلہ کشمیر پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور کشمیری عوام کی سیاسی سفارتی محاذ پر حمایت جاری رکھے گا۔ کوئی بھی حکومت ہو پاکستان مسئلہ کشمیر پر اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ کشمیر ہر لحاظ سے پاکستان کا ہی حصہ ہے۔ کشمیریوں نے بار بار الحاق پاکستان کی بھی بات کی‘ ہم تنازع کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتے ہیں۔ جنگی جنون میں مبتلا بھارتی حکام نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر پڑوسی ممالک سے بھی الجھ رہے ہیں۔ چین کے ساتھ سکم سرحد پر کشیدگی ان دنوں دونوں ممالک کے درمیان عروج پر ہے لیکن بھارت امریکی ایما پر پاکستان اور چین کے ساتھ بدستور ہلکی پھلکی جنگ کے موڈ میں ہے۔ شاید وہ اس طرح امریکی اسلحہ کا تجربہ کرنا چاہتا ہے۔ بھارتی حکام کو سوچنا چاہئے کہ ایٹمی ممالک کے درمیان جنگ کوئی ’’گڈی گڈے‘‘ کا کھیل نہیں۔ (محمد اکمل چیمہ - سیالکوٹ)