میٹرک نتائج: لاہور 73.75‘ گوجرانوالہ میں 79.15 فیصد امیدوار کامیاب
لاہور+ گوجرانوالہ (لیڈی رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) لاہور، گوجرانوالہ سمیت پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ لاہور بورڈ سے رواں برس 2لاکھ 26ہزار 619 طلبہ نے میٹرک کا امتحان دیا 1لاکھ67ہزار131طلباء نے کامیابی حاصل کی۔ کامیابی کی شرح 73.75فیصد رہی۔ الحمرا ہال میں منعقدہ تقریب تقسیم انعامات میں صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں اور وزیر اطلاعات مجتبیٰ شجاع الرحمن نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں میڈلز اور اسناد تقسیم کیں جبکہ امیدواران کو پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن کے لئے تعریفی اسناد کے ساتھ ، 20,000 ،15,000اور 10,000روپے کیش انعام کے ساتھ سونے، چاندی اور کانسی کے میڈلز دئیے گئے جبکہ ان کے اساتذہ کو گولڈ میڈلز سے نوازا گیا۔ نجی سکول کے طالب علم عمر طارق نے 1087 نمبر لے کر مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ مجموعی طور پر دوسری پوزیشن ثوبان خالد اور علیسہ کلیم نے 1086 نمبر لے کر حاصل کی ۔ اسی طرح مجموعی طور پر تیسری پوزیشن 1085نمبر لیکر محمد عبداللہ اور محمد عبداللہ سلیم نے حاصل کی۔ سائنس گروپ بوائز میں پہلی پوزیشن عمر طارق نے 1087 نمبر لیکر حاصل کی جبکہ ثوبان خالد نے 1086 نمبرلے کر دوسری ، محمد عبداللہ اور محمد عبداللہ سلیم نے 1085نمبر لیکر سائنس گروپ بوائز میں تیسری پوزیشن حاصل کی ۔تقریب سے خطاب میں صوبائی وزراء رانا مشہود احمد خان اور میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے طلبہ کو مبارکباد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ گوجرانوالہ میں صوبائی وزیر برائے ترقی خواتین میڈم حمیدہ وحیدالدین نے تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات ہمارے ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ اور درخشندہ ستارہ ہونے کیساتھ ساتھ ملک و قوم کا روشن مستقبل ہیں۔ انٹرمڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ گوجرانوالہ کے امتحان سیکنڈری سکول 2017ء میں مجموعی طورپر 210760 طلبہ و طالبات نے حصہ لیا جن میں سے 166813 طلبہ و طالبات پاس ہوئے جس کے مطابق مجموعی طورپر کامیابی کا تناسب 79.15 فیصد رہا۔ فیصل آباد میں کامیابی کا تناسب 77.94‘ ساہیوال 78.78 فیصد رہا۔ علاوہ زیں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے صوبہ بھر کے تعلیمی بورڈز کے میٹرک کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قوم کے بچوں اور بچیوں نے اپنی محنت کے ذریعے پوزیشنیں حاصل کرکے اپنے والدین اور اساتذہ کا سر فخر سے بلند کیا ہے اور بعض طلبہ و طالبات نے کم وسائل کے باوجود اپنے عزم‘ حوصلے اور محنت کے ساتھ یہ مقام حاصل کیا ہے جوکہ لائق تحسین ہے۔