• news

مسلم لیگ ن کے آصف کرمانی سینیٹر بن گئے

لاہور+کوئٹہ (فرخ سعید خواجہ+بیورو رپورٹ) ممتاز مسلم لیگی گھرانے کے سیاسی رہنما اور تحریک پاکستان کے کارکن وسابق وزیر سید احمد سعید کرمانی کے صاحبزادے ڈاکٹر آصف سعید کرمانی معاون خصوصی وزیراعظم نوازشریف غیر سرکاری طور پر سینٹ کے ممبر منتخب ہوگئے ہیں۔ ان کے مقابلے میں پی ٹی آئی، پیپلزپارٹی اور ق لیگ سمیت کسی اپوزیشن پارٹی نے امیدوار نہیں دیا۔ سینٹ کی یہ نشست پیپلزپارٹی چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے ڈاکٹر بابراعوان کے مستعفی ہونے پر خالی ہوئی تھی۔ وزیراعظم نے اس نشست پر اپنے مشیر اور پروفیسر عرفان صدیقی کو کاغذات نامزدگی داخل کروانے کی ہدایت کی تھی جبکہ ڈاکٹر اسد اشرف کو کورنگ امیدوار بننے کی ہدایت بھی کی گئی تھی لیکن عرفان صدیقی اس لحاظ سے بدقسمت رہے کہ ان کا شناختی کارڈ کا پتہ اسلام آباد درج تھا۔ کاغذات نامزدگی پر کرتے وقت جب یہ بات علم میںآئی رات گئے وزیراعظم نوازشریف صدر مسلم لیگ (ن) نے ان کی جگہ ڈاکٹر آصف کرمانی کو امیدوار نامزد کر دیا اورانہیں پارٹی ٹکٹ بھجوا دی۔ ان کے کورنگ امیدوار کے طور پر حافظ نعمان کو کاغذات نامزدگی داخل کروانے کا کہا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ ڈاکٹر اسد اشرف مری میں تھے۔ ڈاکٹر آصف کرمانی کے سینٹ کے امیدوار کی حیثیت سے کاغذات نامزدگی مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور پبلک افیئرز یونٹ کے چیئرمین میاں حمزہ شہباز کے دفتر میں پر کیے گئے۔ شیخوپورہ سے رکن پنجاب اسمبلی پیر اشرف رسول نے ان کے تجویز کنندہ جبکہ لاہور سے رکن پنجاب اسمبلی رمضان صدیق بھٹی نے تائید کنندہ کے طور پر دستخط کیے۔ میاں حمزہ شہباز کے دفتر سے ڈاکٹر آصف کرمانی‘ حافظ نعمان اور ان کے تجویز اور تائید کنندگان وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے معاون خصوصی اور پنجاب اسمبلی میں چیف وہپ رانا محمد ارشد کے ساتھ الیکشن کمشن پنجاب کے آفس پہنچے جہاں انہوں نے کاغذات نامزدگی داخل کروائے۔ ان دونوں امیدواروں کے علاوہ سرفراز قریشی نامی ایک شخص نے بھی کاغذات نامزدگی داخل کروائے مگر ان کے کاغذات نامزدگی پر تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کے طور پر کسی رکن پنجاب اسمبلی کے دستخط نہیں تھے۔ سو اب الیکشن کی رسمی کارروائی رہ گئی ہے۔ سرفراز قریشی کے کاغذات نامکمل ہونے کی وجہ سے مسترد ہو جائیں گے جبکہ حافظ نعمان اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیں گے جس کے بعد الیکشن کمشن کی طرف سے ڈاکٹر آصف کرمانی کے بلامقابلہ انتخاب کا اعلان متوقع ہوگا۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما آغا شاہزیب درانی بلوچستان سے بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہوگئے یہ سیٹ مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر آغا شہباز درانی کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی، آغا شاہ زیب درانی مر حوم آغا شہباز دارنی کے بھائی ہیں، سینٹ سے بلوچستان کی خالی نشست پر دو امیدواروں نے کاغذات نا مزدگی جمع کر وائے تھے جنہیں الیکشن کمشن نے مستر د کر دیا تھا تاہم آغا شاہزیب درانی نے بلوچستان ہائی کورٹ میں فیصلے کے خلاف اپیل کی تھی جس پر عدالت نے انہیں الیکشن لڑ نے کی اجازت دی تھی جس کے بعد منگل کو بلوچستان اسمبلی نے انکے بلا مقابلہ منتخب ہونے کا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے الیکشن کمشن آف پاکستان کو آگاہ کردیا۔

ای پیپر-دی نیشن