رہبر پاکستان‘ آبرو ئے صحافت ڈاکٹر مجید نظامی کی تیسری برسی آج منائی جائیگی
لاہور، اسلام آباد، کراچی (خصوصی رپورٹر+ سپیشل رپورٹ) رہبر پاکستان آبروئے صحافت ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم کی تیسری برسی آج 26 جولائی کو انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائیگی۔ اس حوالے سے نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیراہتمام تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں آج محفل قرآن خوانی صبح 10 بجے شروع ہوگی۔ چیئرمین نظریہ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ کی زیرصدارت منعقدہ تقریبات کے دوران صبح 11:30 بجے دعا و ختم شریف ہوگا جبکہ 11:45 پر خصوصی نشست ہوگی۔ اس سے قبل صبح 9 بجے ڈاکٹر مجید نظامی کے مزار پر میانی صاحب قبرستان نزد مسجد الریحان، باغ گل بیگم حاضری دی جائیگی۔یاد رہے ڈاکٹر مجید نظامی 27 رمضان المبارک بمطابق 26جولائی 2014ء کو لاہور میں انتقال کرگئے تھے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر مجید نظامی 12 شوال 1348ھ بمطابق 3 اپریل 1928ء کو سانگلہ ہل میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد آپ لاہور آگئے اور یہاں اسلامیہ کالج ریلوے روڈ میں حصول تعلیم کے دوران تحریک پاکستان میں سرگرم حصہ لیا۔ 1962ء میں اپنے بڑے بھائی جناب حمید نظامی کی رحلت کے بعد آپ نے روزنامہ نوائے وقت کی باگ ڈور سنبھالی اور صحیح معنوں میں اخبار کو پاکستانی قوم کی آرزوئوں اور امنگوں کا ترجمان بنا دیا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ڈاکٹر مجید نظامی ایک نڈر، بیباک صحافی اور صحافت کے میدان میں اپنی مثال آپ تھے۔ مجید نظامی مرحوم ایک عہد ساز شخصیت تھے اور انکا کردار ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ ڈاکٹر مجید نظامی سچے انسان تھے اور بلاخوف اپنی بات کہنے کی قدرت رکھتے تھے اور ملکی اور قومی معاملات میں کمال درجے کی بصیرت رکھتے تھے۔ مثبت اور نظریاتی صحافت کے فروغ میں انکا کردار ناقابل فراموش ہے۔ ڈاکٹر مجید نظامی نے ملک میں جمہوریت کی سربلندی اور آئین کی بالادستی کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے ہر دور میں حکمرانوں کا کڑا احتساب کیا اور عوام کی ہر مرحلے پر رہنمائی کی۔ ڈاکٹر مجید نظامی پاکستان کی نظریاتی اساس کے امین تھے اور تمام عمر ملک میں جمہوریت اور جمہوری اقدار کے استحکام کیلئے کوشاں رہے۔ ڈاکٹر مجید نظامی نے نظریہ پاکستان کے تحفظ اور تحریک پاکستان کے کارکنوں کی فلاح و بہبود کیلئے اہم کردار ادا کیا۔ انکے قلم کی روشنائی اہل وطن کے دل ودماغ کو رہتی دنیا تک منور کریت رہے گی۔ میں آج بھی ڈاکٹر مجید نظامی کی شفیق اور رہنما شخصیت کی کمی محسوس کرتا ہوں۔ علاوہ ازیں اسلام آباد میں بھی ڈاکٹر مجید نظامی کی یاد میں ایک تقریب آج سہ پہر تین بجے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کیپٹل آفس کے ہال میں منعقد ہوگی جس میں مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین سنیٹر راجہ ظفر الحق، سنیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم، ظفر بختاوری، ممتاز صحافی اوردانشور اظہار خیال کرینگے۔ کراچی میں آج ساڑھے 12 بجے دن ایک تقریب روزنامہ نوائے وقت کراچی کے زیراہتمام آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی ہائوس گلستان جوہر عقب سفاری پارک میں منعقد ہو گی جس میں گورنر سندھ محمد زبیر‘ سینئر سیاستدان غوث علی شاہ‘ صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ‘ میئر کراچی وسیم اختر کے علاوہ صحافتی‘ سیاسی‘ مذہبی‘ تجارتی اور سماجی شخصیات شرکت کریں گی۔