• news

یتیم، نادار کھلاڑیوں کو سٹیٹ آف دی آرٹ پنجاب انٹر نیشنل سوئمنگ کیمپلیکس میں فری سہولیات دینے کا فیصلہ

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) ڈائر یکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا ہے کہ یتیم اور نادار کھلاڑیوں کو سٹیٹ آف دی آرٹ پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس پر فری سوئمنگ کی سہولت دی جائے گی جس کے لئے ایس او ایس ویلیج انتظامیہ سے معاہدہ پر دستخط کئے گئے ہیں، ان کھلاڑیوں کو سوئمنگ ڈریس اور دیگر سہولیات بھی مفت فراہم کی جائیں گی تاکہ یہ بچے بھی کھیلوں میں آ گے بڑھ سکیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈائر یکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے ایس او ایس ویلیج کی انتظامیہ کے ساتھ معاہدہ کے لئے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں منعقدہ تقریب میں کیا۔سپورٹس بورڈ کی جانب سے ڈائریکٹر سپورٹس انیس شیخ جبکہ ایس او ایس ویلج کی جانب سے چیئرپرسن لبنی لاشاری نے معاہدے پر دستخط کئے۔ اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب نئیر اقبال ،ڈائریکٹر ایڈمن جاوید رشید چوہان، سابق صدر ہاکی فیڈریشن چودھری اختر رسول، سابق کرکٹر انتخاب عالم، ڈائریکٹر پی ایچ ایف ڈویلپمنٹ نوید عالم بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا کہ سپورٹس پر یتیموں اور ناداروں کا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا معاشرہ کے دیگر لوگوں کا ہے۔ سپورٹس بورڈ پنجاب انہیں سہولیات کی فراہمی پر عمل پیرا ہے ۔ اس موقع پر ایس او ایس کی چیئرپرسن لبنی لاشاری نے ڈی جی سپورٹس پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے نادار اور یتیم بچوں کوسوئمنگ کی فری سولیات مہیا کر کے ان کے دل جیت لئے ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سپورٹس بورڈ پنجا ب کی جانب سے تربیت کے بعد ان بچوں میں سے قومی چیمپئن سامنے آئیں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن