• news

جنرل محمود کے سامنے نوازشریف کو دھوکہ نہ دینے کا عہد کیا: نثار

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ 12 اکتوبر 1999کے مارشل لاء کے دنوں میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمود کو واضح کیا تھا کہ اگر میں نے نوازشریف کو دھوکہ دیا تو ساری زندگی اپنے ضمیر کا سامنا نہیں کرسکوں گا۔ میں نے کبھی یہ دعویٰ نہیںکیاکہ نوازشریف کی جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد آمر پرویز مشرف کی جانب سے مجھے وزارت عظمیٰ کی پیشکش کی گئی۔ میں مارشل لاء کے دنوں میں علیل اور گھر میں نظر بند تھا اور لیفٹیننٹ جنرل(ر) محمود میرے پاس آئے، میں نے انکے سامنے عہد کیا کہ نہ میں نوازشریف کو دھوکہ دوں گا، نہ ہم خیال گروپ میں شمولیت اختیار کروں گا اور نہ ہی پرویز مشرف کے مارشل لاء کے حق میں کوئی بیان جاری کروں گا۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل کے اینکرپرسن کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ نے انہیں ٹیلیفون کیا اور مبینہ طور پر پرویز مشرف کی طرف سے 1999کے مارشل لاء کے دنوں میں وزارت عظمیٰ کی پیشکش اور اس دعوت کو ان سے منسوب کئے جانے کے تاثر کو بے بنیاد قراردیتے ہوئے اسے مکمل مسترد کیا اور وضاحت کی کہ اس معاملے کی کہانی کچھ مختلف ہے۔

ای پیپر-دی نیشن