جعلی ادویات کی روک تھام، پنجاب میں ڈرگ لائسنس کی تجدید ، بائیو میٹرک تصدیق سے مشروط
راولپنڈی (آن لائن) حکومت پنجاب نے راولپنڈی سمیت صوبہ بھر میں ڈرگ لائسنس کے حصول اور تجدید کو بائیو میٹرک تصدیق سے مشروط کر دیا ۔ اقدام کا مقصد غیر قانونی میڈیکل کیمسٹ سٹورز اور فارمیسیوں کی روک تھام ہے ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حکومت پنجاب نے جعلی ادویات کی خرید و فروخت پر سخت نوٹس لیتے ہوئے پہلے مرحلہ میں تمام اضلاع کے ڈرگ سیلز لائسنس کو سنٹر لاء کیا جبکہ دوسرے مرحلہ میں لائسنس حاصل کرنے والوں کے علاوہ جس جگہ کے لئے لائسنس حاصل کیا جائے گا وہاں پر کام کرنے والوں کی بھی بائیو میٹرک تصدیق کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لئے راولپنڈی سمیت پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں تعینات ڈویژنل‘ ڈسٹرکٹ ڈرگ کنٹرولرز اور ڈرگ انسپکٹروں کو اختیارات دیئے گئے ہیں ۔ ڈرگ لائسنس کے لئے آن لائن درخواست بجھوانے والوں کے کوائف متعلقہ ضلعی حکام کو بھجوائے جائیں گے جو متعلقہ جگہ کے معائنہ کے علاوہ درخواست گزاروں کی بائیو میٹرک تصدیق کریں گے جس کے لئے ضلعی سطح پر محکمہ صحت کے دفاتر میں بائیو میٹرک مشین فراہم کی جائے گی ۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ضلعی سطح پر کوائف کی تصدیق کے بعد صوبائی حکام کی طرف سے ڈرگ لائسنس جاری کیا جائے گا جبکہ تجدید کے لئے بھی یہی طریقہ کار اپنایا جائے گا جس کے لئے تمام متعلقہ حکام کو باقاعدہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔