سپاٹ فکسنگ : معطل کرکٹر خالد لطیف کے پھر ٹریبونل پر اعتراضات
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان سپر لےگ سپاٹ فکسنگ میں معطل کرکٹر خالد لطیف نے اینٹی کرپشن ٹریبیونل کی کارروائی پر اعتراضات اٹھا دیے ہیں۔ خالد لطیف نے اینٹی کرپشن ٹریبونل پر عدم اعتماد کرتے ہوئے درخواستیں بھجوا کر مزید کارروائی کی استدعا کی ہے۔ یکطرفہ کارروائی کا بیان حلفی بھی جمع کرادیا جبکہ اینٹی کرپشن ٹریبونل کی کارروائی پر اعتراضات بھی اٹھائے ہیں۔خالد لطیف کے وکیل کا کہنا ہے کہ جرح کا موقع نہ دے کر ہمارے کیس کو کمزور کیا گیا جبکہ ان کی غیر موجودگی میں گواہوں کے بیانات ریکارڈ کئے گئے اس لئے گواہوں پر جرح کی اجازت دی جائے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے وکیل کی عدم موجودگی کی وجہ سے شاہ زیب حسن کیس کی سماعت 16 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔تفضل رضوی اس وقت ملک سے باہر ہیں جس کی وجہ سے شاہ زیب حسن کے وکلاءبحث کیے بغیر لوٹ گئے۔