• news

نثار نے وزیراعظم کے کان بھرنے والوں کو خوب لتاڑا، ایک وزیر کی مالی و اخلاقی کرپشن کا ذکر بھی کیا

اسلام آباد (محمد نواز رضا+ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی پریس کانفرنس رکوانے کے لیے وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف ملتان سے سیدھے پنجاب ہاؤس پہنچے انہوں نے وفاقی وزراء محمد اسحق ڈار‘ خواجہ سعد رفیق اور شاہد خاقان عباسی کو پنجاب ہاؤس بلوا لیا لیکن چوہدری نثار علی خان کی پریس کانفرنس رکوانے میں کامیاب نہ ہوئے۔ ٹی وی چینلوں پر چوہدری نثار کے مستعفی ہونے کی خبر سن کر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق دوبارہ پنجاب ہاؤس پہنچ گئے اور ان سے اس معاملہ پر بات کی چوہدری نثار کی وضاحت کے بعد وہ مطمئن ہو کر واپس چلے گئے۔ چوہدری نثار نے پریس کانفرنس کو سیاسی زندگی کی مشکل ترین پریس کانفرنس قرار دیا۔ ان کی پریس کانفرنس سے سیاسی مخالفین کو ’’سخت مایوسی‘‘ ہے۔ انہوں نے مخالف فیصلہ آنے پر پانامہ کیس میں وزیراعظم کے ساتھ فرنٹ لائن میں کھڑا ہونے کا اعلان کیا ہے۔ چودھری نثار کی پریس کانفرنس کے بعد ان کے سیاسی مستقبل کے بارے میں قیاس آرائیاں ختم ہو گئیں۔ انہوں نے وفاقی کابینہ کے ایک اجلاس میں ایک وفاقی وزیر کی مالی و اخلاقی کرپشن کے ذکر کو پریس کانفرنس میں شامل کیا اور وزیراعظم کے کان بھرنے والوں کو بھی لتاڑا۔ انہوں نے دوستوں کے ’’جبر‘‘ کا بھی خاص طور پر ذکر کیا اور کہا کہ میں نے بڑا فیصلہ کر لیا تھا لیکن اس جبر کے سامنے فیصلے پر نظرثانی کی۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلے ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصہ سے میاں نواز شریف سے ملاقات نہ ہونے کا انکشاف کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پارٹی لیڈر کا یہ کام ہے وہ ڈسپلن قائم کرے۔ انہوں نے دو بادشاہوں کا واقعہ سنایا کہ ان کے دائیں بائیں کھڑے افراد ان کے انسان ہونے کا احساس دلاتے تھے میں بھی وزیراعظم کے سامنے ان کو طاقتور ہونے کے باوجود انسان ہونے کا احساس دلاتا اور ہمیشہ ’’بری خبر‘‘ ان تک پہنچاتا تھا۔ دریں اثناء وزیراعظم سے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اہم ملاقات کر کے چودھری نثار کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کی تفصیلات بتائیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ شکوے شکایات ہیں لیکن چودھری نثار ہمارے ساتھ ہیں۔ شہباز شریف نے چودھری نثار کو وزیراعظم سے ملاقات کے لئے ساتھ چلنے کو بھی کہا تاہم وزیر داخلہ نے معذرت کر لی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران ہی وزیراعظم، وزیراعلیٰ اور وفاقی وزراء نے چودھری نثار کی نیوز کانفرنس بھی سنی۔

ای پیپر-دی نیشن